• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل نے شام اور لبنان کی سرحد کے ساتھ سیکیورٹی بڑھادی

اسرائیل نے شام اور لبنان کی سرحد کے ساتھ سیکیورٹی بڑھادی


اسرائیل نے شام اور لبنان کے ساتھ سرحد پر سیکیورٹی بڑھادی ہے ۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایسا ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں مارے جانے کے بعد سیکیورٹی کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔

بن یامین نیتن یاہو یونان میں تعطیلات ختم کرکے یروشلم واپس پہنچ گئے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قاسم سلیمانی پر حملے کا حکم بالکل ٹھیک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنے دفاع میں قاسم سلیمانی پر حملہ کیا۔

یاد رہے آج صبح عراق کے بغداد ایئر پورٹ پر امریکی راکٹ حملے میں ایران کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی پاپولر موبائلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

امریکی فورسز نے ایرانی جنرل سلیمانی کے بغداد ایئر پورٹ پر اترتے ہی امریکی فوج کی جانب سے راکٹ حملہ کر کے انہیں نشانہ بنایا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سینیٹر لنزے گراہم نے بھی جنرل سلیمانی پر حملے کی تصدیق کی ہے۔

ایران کے پاسداران انقلاب اور امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون نے بھی ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور ایران کے صدر نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے واقعے پر ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے واقعے کے بعد امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تازہ ترین