• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیارہیں، فریقین یکطرفہ طاقت کےاستعمال سے گریز کریں، شاہ محمود،ایران سمیت کئی ممالک سے رابطہ

 فریقین یکطرفہ طاقت کےاستعمال سے گریز کریں، شاہ محمود


اسلام آباد(اے پی پی، این این آئی) جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد امریکا اور ایران میں کشیدگی کم کرانے اور خطے میں جنگ رکوانے کیلئے پاکستان نے کوششیں تیز کر دیں ہیں۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی محاذ پر سرگرم ہوگئے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو سعودی عرب، ایران، متحدہ عرب امارات اور ترکی کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے کی مجموعی صورت حال اور امریکا، ایران کشیدگی پر بات چیت کی۔ 

حالیہ واقعات پر پاکستان کی گہری تشویش کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے، فریقین یکطرفہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔ شاہ محمود قریشی نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تنازع سے بچنے اور کشیدگی میں کمی کیلئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ ہیں ۔ 

انہوں نے تمام متعلقہ فریقین سے اقوام متحدہ کے منشوراور عالمی قانون کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اختلافات پرامن طریقہ سے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

وزیرخارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور نہ ہی خطے کے کسی تنازعہ کا حصہ بنے گا۔ 

پاکستان کے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ افغان امن عمل میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو محفوظ بناتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھایاجائیگا۔ 

وزیر خارجہ نے اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ موجودہ صورتحال خطے کیلئے سنگین خطرہ ہے، علاقائی خودمختاری کا احترام اور یکطرفہ طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ 

علاوہ ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف سے رابطہ کیا ہے ، دونوں وزراء خارجہ نے خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزراء خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خطے میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور مشرق وسطیٰ میں موجودہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے وزراء خارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر پہلے ہی اپنا واضح موقف دے چکا ہے کہ موجودہ صورتحال خطے کیلئے سنگین خطرہ ہے اور پاکستان یہ سمجھتا ہے کہ علاقائی خود مختاری کا احترام کیا جائے.

جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں علاقائی خود مختاری کو بنیادی جزو قرار دیا گیا ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں یکطرفہ طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے اور دونوں فریقین کو موجودہ صورتحال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔

تازہ ترین