• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج بارش اور کل سے سردی بڑھنے کا امکان

کراچی میں آج بارش اور کل سے سردی بڑھنے کا امکان


محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں  بارش کا اور کل سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  مظفر آباد، پشاور، کوئٹہ، سبی، قلات، ملتان، فیصل آباد، گجرانوالہ سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

کراچی

ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث شہر قائد میں آج رات ہلکی بارش ہوسکتی ہے اور یہ سلسلہ 7 جنوری تک جاری رہنے کاامکان ہے۔

کراچی کا موسم آج جزوی ابرآلود ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں چلنے والی ہوا کی رفتار 6ناٹیکل مائیل ہے جس سے ہوا میں نمی کا تناسب 75فیصد ہے۔

اندرون سندھ کے دیگر شہروں کی طرح تھر کے صحرا میں پڑنے والی شدید سردی نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر کے رکھ دیئے ہیں ۔

کوئٹہ

بلوچستان میں وادی کوئٹہ اور گردونواح میں دو روز قبل شروع ہونے والی بارش اور پہاڑوں پرہلکی برف باری کاسلسلہ جاری ہے، بارش کےبعد کوئٹہ میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

نوشکی

نوشکی میں مسلسل بارش کے سبب سردی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں، آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی اضلاع کے بالائی علاقوں ، دیر بالا، استور اور غذر میں وقفے وقفے سے برف پڑ رہی ہے۔

پشاور

پشاور میں گزشتہ روز سے ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز بارش ہوگی ، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری

ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برف باری کا سلسلہ رات سے جاری ہے جس کے سبب آنے والی شدید سردی کی لہر سے لوگ گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں، محکمہ موسمیات نے برف باری کا یہ سلسلہ منگل کی شام تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

فیصل آباد

فیصل آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا ۔

گوجرانوالہ

گوجرانوالہ اور گرد و نواح میں بارش جاری ہے جس کے ساتھ ہی موسم بھی سخت سرد ہوگیا ہے ، جبکہ اسکولوں کی تعطیلات ختم ہونے کے باعث آج اسکول بھی کھل گئے ہیں۔

سرگودھا

سرگودھا شہر اور گردونواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔

تازہ ترین