امریکی حملے میں قتل ہوئے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی بیٹی نے امریکی صدر ٹرمپ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدکی موت پر امریکا اور اسرائیل کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا۔
جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ کے موقع پر ان کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے اپنے والد کی موت پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کو واضح پیغام دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زینب سلیمانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کو جنرل سلیمانی کی موت پر ’سیاہ دن‘ دیکھنا پڑے گا۔
زینب سلیمانی نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیوانے ٹرمپ یہ مت سمجھنا کہ میرے والد کی موت کے ساتھ سب کچھ ختم ہوگیا۔
واضح رہے کہ جمعہ کی صبح عراق میں ہوئے امریکی میزائل حملے میں ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہوئے تھے اور امریکا نے ان کی ہلاکت کو خطے میں جنگ روکنے کے مترادف قرار دیا تھا۔
ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت گزشتہ روز عراق سے ایران پہنچائی گئی، ان کی تدفین منگل کو آبائی شہر کرمان میں ہوگی۔