• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارت خانوں کے ذریعے شراب اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن


سفارت خانوں کے ذریعے شراب اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد ملک میں غیر ملکی شراب کی کھلے عام دستیابی مشکل ہو گئی ہے، بلیک مارکیٹ میں اس کا ریٹ بھی بڑھ گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ایف بی آر کے ڈائریکٹر عرفان جاوید نے منگل کو میڈیا بریفنگ میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 20-2019 کی پہلی 2 سہ ماہی میں گذشتہ 5 برس کی نسبت ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی شاندار رہی ہے، اس عرصے میں گذشتہ سال کی نسبت مقدمات کے اندراج میں 576 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالیت کے لحاظ سے یہ اضافہ 166 فیصد زیادہ ہے۔

عرفان جاوید کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں 4 ارب 82 کروڑ روپے کے کیس بنائے گئے جبکہ براہ راست حکومتی خزانے میں 31 کروڑ 50 لاکھ روپے جمع کروائے گئے، آئرن اور اسٹیل میں ٹیکس چوری کا ایک بڑا اسیکنڈل بے نقاب کیا گیا جس کے بعد کئی درآمد کنندگان کے خلاف مقدمات درج ہوئے، 4 غیر ملکی سفارت خانوں کے نام پر شراب اسمگلنگ کا ایک بڑا کیس پکڑا جس کے بعد سفارت خانوں سے شراب کی اسمگلنگ بڑی حد تک کم ہو گئی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ سفارت خانوں نے درآمد کی گئی کنسائمنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد یہ کنسائمنٹ ضبط کیے گئے، اسی طرح او جی ڈی سی کے امپورٹرز کی جانب سے ایس آر او 2004/678 کا غلط استعما ل کرکے 22 کروڑ کی ڈیوٹی بچانے کی کوشش ناکام بنائی، اسی طرح اینٹی اسمگلنگ تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی یوسف گوٹھ میں کی گئی اور پولیس کی معاونت سے 46 کروڑ 98 لاکھ کا سامان صرف ایک ہی جگہ سے ضبط کیا گیا۔

عرفان جاوید نے بتایا کہ اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم میں ہم نے کراچی چیمبر، تاجر تنظیموں اور کسٹمز ایجنٹس کی ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لیا ہوا ہے ہم نے ان سے کہا تھا کہ ہمارے اہلکار اگر انہیں تنگ کریں، بھتہ مانگیں یا اسمگلنگ میں ملوث ہوں تو ہمیں اطلاع دیں لیکن آج تک وہاں سے کوئی شکایت نہیں آئی، اسی طرح ہم نے اسمگلرز کے خلاف مہم کو مؤثر بنانے کے لیے نیول انٹیلی جنس، آئی ایس آئی، پولیس اور دیگر اداروں کی معاونت بھی حاصل کی ہے جس کے خاطر خواہ مثبت تنائج سامنے آئے ہیں، مقامی مینوفیکچرز اور قانونی کام کرنے والے تاجر ہماری کار کردگی سے بھی خوش ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ بعض کسٹمز اہلکاروں پر بھی اسمگلنگ میں معاونت کے الزام میں مقدمات درج ہو ئے ہیں، ان میں پورٹ قاسم اور کسٹمز ایسٹ کے اہلکار شامل ہیں، کچھ اپنے اہلکاروں کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ہے کچھ پر مقدمات بھی درج ہو ئے ہیں۔

تازہ ترین