• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کوئٹہ، ایف سی گاڑی کے قریب دھماکا، 2 جاں بحق، 3 اہلکاروں سمیت 14 زخمی

کوئٹہ، ایف سی گاڑی کے قریب دھماکا، 2 جاں بحق، 3 اہلکاروں سمیت 14 زخمی


کوئٹہ(آئی این پی، جنگ نیوز) صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے علاقے مکانگی روڈ پر فرنٹیئر کروپس (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے، دہشتگردوں کا ہدف سیکورٹی اہلکار تھے۔ 

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ایمبولنسز کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا عمل مکمل کیا جہاں انھیں طبی امدادی دی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں راہگیر بھی شامل ہیں۔ دھماکا رش والے علاقے میں گاڑی کے قریب ہوا۔

دوسری جانب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی حرکت میں آئے اور موقع پر پہنچ کر علاقے کو تمام قسم کی آمدورفت کیلئے سیل کردیا۔ 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا کوئٹہ کے انتہائی حساس علاقہ میں ہوا جس میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تازہ ترین