میانوالی کے قریب تربیتی پرواز کے دوران شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے فلائنگ افسر عبادالرحمٰن شہید کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی، جس کے بعد شہید کو واپڈا ٹاؤن قبرستان میں سپرد ِخاک کر دیا گیا۔
پاک فضائیہ کا طیارہ ایف ٹی سیون گزشتہ روزمیانوالی کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمٰن شہید ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید
فلائنگ آفیسر عبادالرحمٰن شہید نے 8 ماہ قبل ہی پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی، شہید کا جسدِ خاکی آج صبح ان کی رہائش گاہ واپڈا ٹاؤن لاہور لایا گیا۔
جہاں بعد نمازِ ظہر ان کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں اعلیٰ حکام، شہید کے گھروالوں اور دوستوں کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ شہید کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔