راولپنڈی(نمائندہ جنگ )پیغام پاکستان سنٹر کے پروگرام نوجوانان پاکستان کے تربیت کاراستاد اسفند اوصاف نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں دہشت گرد تنظیمیں بڑے منظم طریقہ سے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ورغلا ءکر اپنے مذموم مقاصد کےلئے استعمال کر رہی ہیں جس کی روک تھام کرنا موجودہ دور کا اولین تقاضا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہاربیکن ہاؤس اسکول سسٹم پوٹھوہار کیمپس راولپنڈی میں پر امن معاشرے کے قیام میں نوجوانوں کے کردار ، سائبر سیکورٹی کے اقدامات اور انٹرنیٹ کے محفوظ طریقہ استعمال کے حوالے سے منعقد ہونیوالی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ میں لیکچر دیتے ہوئے کیا ۔ تربیتی استاد اسفند اوصاف نے شرکاءکو بتایا کہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے پوری دنیا عالمگیر گاؤں کی شکل اختیار کرچکی ہے جبکہ یہ جدید ٹیکنالوجی مثبت اور منفی دونوں مقاصد کےلئے استعمال ہورہی ہے، اس لیے ہمارے نوجوانوں کو سمجھنا ہوگا کہ جدید ٹیکنالوجی کس حد تک موجودہ دور کے نوجوانوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔