پشاور( کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی نے ٹریفک سٹاف کو اہلیان پشاور کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچانے اور ٹریفک کی روانی کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے انہوں نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار پشاور کا دورہ کیا۔ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ڈی آئی جی ٹریفک محمد یامین خان، سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور، قائمقام ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل اور دیگر افسران نے انکا پُرتپاک استقبال کیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواثناء اللہ عباسی کو آمد پر ٹریفک پولیس پشاور کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ انہوں نے ہیڈ کوارٹرز میں قائم یادگار شہدا ء پر پھول بھی چڑھائے اور شہداء کے ایصال کے لیے دْعا بھی کی۔ دورے کے دوران آئی جی پی کو ٹریفک وارڈنز سسٹم اور ای ٹکٹنگ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آل خیبر پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے بھی ان سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس ثناء اللہ عباسی نے بعد میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کا معائینہ کیا۔ اور حکومت کے کلین اینڈ گرین پاکستان شجر کاری پروگرام کے تحت ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں پودا بھی لگایا۔انسپکٹر جنرل پولیس نے ٹریفک سٹاف کو اہلیان پشاور کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچانے کی ہدایت کی اور ٹریفک کی روانی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کا کہا اور اب تک کی اْن کی کارکردگی کو سراہا۔