سائنس داں جدت سے بھر پور چیزیں تیار کرنے میں سر گرداں ہیں۔ گزشتہ دنوں ’’میٹرکس ‘‘ نامی کمپنی نے ایک ایسی بوتل متعارف کروائی ہے جو اپنے اندر رکھے گئے مشروبات (سافٹ ڈرنک ) کو صرف چند منٹوں میں اتنا ٹھنڈا کرسکتی ہے کہ اسے پیتے ہی دانت بجنے لگیں ۔اصل میں یہ بوتل نہیں بلکہ مشروبات ٹھنڈا کرنے والا ایک آلہ ہے جسے ’’جونو ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ماہرین کے مطابق یہ اتنا مختصر ہے کہ درمیانی جسامت والی میز کے ایک کونے میںآسانی سے سما سکتا ہے ۔
اس کا ڈیزائن بھی نہایت سادہ ہے اور اس میں صرف دو بٹن ہیں۔ایک کم ٹھنڈا کرنے کے لیے اور دوسرا زیادہ ٹھنڈا کرنے کے لیے ۔اس کے ایک طر ف پتلی اور لمبی ایل ای ڈی پٹی نصب ہے جواندر رکھے مشروب کے گرم ہونے پر سر خ ہوجاتی ہے اور جب وہ مشروب مطلوبہ حدتک ٹھنڈا ہوجاتا ہے تو ایل ای ڈیز کی روشنی نیلی ہو جاتی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں کسی بھی شربت کو براہ راست نہیں ڈالا جاسکتا بلکہ بوتل یا کین میں بند مشروب ہی اس میں رکھا جاسکتا ہے ۔اگر آپ کھلا شربت اس میں ٹھنڈا کرنا چاہتے ہیں تو اس میں علیحدہ سے ایک بوتل موجود ہے جو ا س آلے میں بالکل فٹ آجاتی ہے ۔
اس آلے کا طر یقے کار بہت آسان ہے ۔اس کی اندرونی نالیوں میں انتہائی ٹھنڈا پانی ہر وقت گردش کرتا رہتا ہے ۔اندر رکھی مشروب کی بوتل کو جلد ٹھنڈا کرنے کے لیے اسے تیزی سے گھمایا جاتا ہے ،جس کی وجہ سے مائع ،بوتل کی بیرونی دیواروں کے ساتھ لگ جاتا ہے ۔شربت کی ایک لیٹر والی بوتل بھی صرف دو سے تین منٹ میں انتہائی ٹھنڈی ہوجاتی ہے ۔