پاکستانی شخص کینیڈین بیوی کے اکاؤنٹ سے 33 ہزار ڈالر چوری کرکے غائب ہوگیا، متاثرہ خاتون رقم واپسی کے لیے شوہر کے پیچھے پاکستان پہنچ گئی۔
کینیڈین خاتون این میری نے گوجرانوالہ میں ایف آئی اے سائبر کرائم کو شوہر کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست بھی دے دی ہے۔
گوجرانوالہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں دی گئی درخواست میں کینڈین خاتون این میری کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے رہائشی فہد نامی نوجوان سے اس نے کینیڈا میں شادی کی تھی۔
شادی کے بعد فہد نے دھوکہ دہی سے اس کے بینک اکاؤنٹس سے 33 ہزار ڈالر پاکستان میں اپنی والدہ اور چچا کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دئیے جس پر ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تو وہ غائب ہوگیا۔
جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے کینیڈین خاتون نے کہا کہ شوہر کو جیل بھجوانے اور اپنی رقم واپس حاصل کرنے کے لیے پاکستان آئی ہوں، امید ہے انصاف ملے گا۔
دوسری جانب ایف آئی نےاینی میری کی درخواست پر تحقیقات شروع کر دی ہے۔