گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کے مطالبات جائز ہیں، تحفظات دور کریں گے۔
عمران اسمٰعیل نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے وزارت چھوڑی ہے، اتحاد نہیں توڑا، کراچی کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی خواہشات پر عمل کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ جتنا وہ ایم کیو ایم کو جانتے ہیں وہ وزارتوں پر گرنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) زیادہ وزارتیں دے تو ایم کیو ایم کے لوگ وہاں چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے آج ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
سربراہ ایم کیو ایم نے شکوہ کیا تھا کہ ہم نے اپنا ہر وعدہ پورا کیا، لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی اب تک پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
خالد مقبول نے کہا کہ حکومت سے تعاون برقرار رہے گا لیکن میں وزارت میں نہیں بیٹھوں گا۔