• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم، کرایوں میں اضافہ


گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال تو ختم کردی لیکن کرایوں میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ کردیا، کراچی سے لاہور جانے والے مال کا فی ٹن کرایہ 2500 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے اور کراچی سے پنڈی کا کرایہ 3500 روپے فی ٹن سے بڑھا کر 5000 روپے کردیا گیا ہے۔

8 روزہ ہڑتال کے دوران ہونے والا نقصان ٹرانسپورٹرز نے عوام سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا، کھانے پینے سے لے کر ہر طرح کے مال کی ترسیل کا کرایہ 40 سے 50 فیصد بڑھا دیا۔

کاروباری رہنما نجیب بالاگام والا نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ہڑتال کے فوری بعد ڈیزل قیمت میں اضافے نہ ہونے کے باوجود کرایہ بڑھا دیا گیا ہے، جس کا اثر صنعت کار و تاجر عوام پر منتقل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی سے لاہور جانے والے مال کا فی ٹن کرایہ 2500 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ کراچی سے پنڈی کا کرایہ 3500 روپے فی ٹن سے بڑھا کر 5000 روپے مانگا جا رہا ہے۔

نجیب بالاگام والا نے کہا کہ ایکسل لوڈ کم ہونے سے مہنگائی کا بہت بڑا ریلہ آئے گا جبکہ ڈیزل امپورٹ پر بھی کروڑوں ڈالر اضافی خرچ ہوں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز گورنر سندھ سے مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے 8 روزہ ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کی 8 روزہ ہڑتال سے ایکسپورٹ تقریباً بند جبکہ امپور ٹ کا مال بندرگاہوں پر محصور ہو کر رہ گیا تھا۔

پریس کونفرنس سے خطاب میں گورنر سندھ نے ایکسل لوڈ پر کچھ نہ کچھ عمل درآمد کی بات کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پر 13 ایکڑ پر مشتمل پارکنگ یارڈ دو مہینے کے اندر تیار ہو جائے گا جبکہ کراچی پورٹ کے لیے مختص پارکنگ یارڈ پر قبضہ ہو چکا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے مسئلے بھی جلد حل ہوں گے۔

تازہ ترین