• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی موقف کی فتح، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بھیجنے کیلئے راضی، سیریز تین حصوں میں کھیلی جائے گی

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے راضی


 کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی خاموش ڈپلومیسی کے نتیجے میں بنگلہ دیش نے 48گھنٹے میں یوٹرن لیتے ہوئے پاکستان کا دورہ تین حصوں میں کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ پاکستان میں تینوں بار بنگلہ دیشی ٹیم کا قیام دس دن سے کم ہوگا۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر نے سیریز کے معاملات طے کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں میٹنگ میں فریقوں میں معاملات آئی سی سی نے طے کرائے۔ پاکستان ابتدا سے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے موقف پر ڈٹا رہا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے انعقاد کے حوالے سے چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سیریز کے انعقاد پر متفق ہو گئے ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جہاں یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہو گی۔ نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اس ماہ 24سے 27کی تاریخ تک لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بھی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ کھیلنے پاکستان آرہی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان نئے پروگرام کے مطابق اس ماہ تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سیریز ہوگی جس کے بعد دو ٹیسٹ وقفے وقفے سے کھیلے جائیں گے۔ اپریل میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے2008میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش نے دو ٹیسٹ میچوں اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ ایک اضافی ون ڈے انٹرنیشنل میچ پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق ون ڈے میچ پروگرام کا حصہ نہیں تھا۔ اتوار کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے چیئرمین نظم الحسن نے اعلان کیا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ کشیدگی کے باعث اپنی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش نے صرف تین ٹوئنٹی ایک ہفتے میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ منگل کی شب دبئی میں سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور بنگلہ دیش بورڈ کے سربراہ نظم الحسن آئی سی سی گورنس ریویو کمیٹی کے لئے دبئی پہنچے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسم خان پیر کی شب ہنگامی طور پر دبئی طلب کیے گئے۔ بنگلہ دیش بورڈ کے سی ای او بھی ملاقات میں موجود تھے۔ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ اس کا قیام ایک ہفتے ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں مہمان ٹیم 7 سے11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ سیریز کا تیسرا مرحلہ پاکستان سپر لیگ کے بعد ہوگا۔ کراچی میں بنگلہ دیش کا قیام نو دن ہوگا۔ پی ایس ایل 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔ چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔ یہ فیصلہ کھیل کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا۔ ششانک منوہر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرنا ہوگی جنہوں نے کھیل کو سیاست سے دور رکھنے کی پالیسی پر زو دیا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔ یاد رہے گذشتہ ہفتے ڈھاکہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بات کرتے ہوئے ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل نے پاکستان کو کرکٹ کھیلنے کے اعتبار سے ’محفوظ ترین ممالک میں سے ایک‘ قرار دیا تھا۔

تازہ ترین