• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب مستحقین میں گرم کپڑوں کی تقسیم

لندن (پ ر) کشمیر میں جاری سرد لہر اور برفانی ہوائوں کے چلنے سے عام زندگی کی رفتار سست پڑگئی ہے، محنت و مزدوری کرنے والے گرم کپڑوں کے نہ ہونے کی وجہ سے کافی پریشانی و اضطراب کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے انسانی صحت پر منفی اثرات پڑرہے ہیں بچے بوڑھے اور عورتیں خاص طورپر سردی کی اس لہر کا نشانہ بن رہے ہیں۔ المصطفٰی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے شدید سردی کے موقع پر کشمیر کے ضلع میرپور میں مختلف دیہاتوں میں گرم کپڑے، شالیں، جیکٹیں بچوں کے لیے گرم لحاف اور کمبل مستحق لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر مستحقین نے المصطفیٰ کا شکریہ ادا کیا اور استدعا کی کہ اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند مستفید ہو سکیں۔ المصطفیٰ ویلفئیر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا بے سہارا اور غریب خاندانوں کے درمیان خدمت خلق کے جذبے سے موسم سرما میں گرم کپڑے تقسیم کرنا کارخیر کے ساتھ ساتھ انسانی فریضہ بھی ہے ،اس سے اللہ کی رضا اور دلی سکون میسر ہوتاہے۔ زلزلہ زدہ علاقوں میں جہاں لوگوں کے مکان تباہ ہو چکے اور وہ گھروں سے باہرخیموں میں زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں، ٹھنڈ کی شدید لہر کی وجہ سے پریشانی بڑھ گئی ہے، چھوٹے بچوں اور بزرگوں کی حالت قابل رحم ہے۔ غریبوں ، مسکینوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کا خیال کرنا احترام انسانیت ہے، شدید سردی کے موسم میں جسم کو ڈھانپنے کے لیے کئی آنکھیں صاحب ثروت افراد کی منتظر ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ اس مشن میں المصطفیٰ کے ساتھ تعاون کرکے ان منتظر نگاہوں کو سردیوں سے بچانے کے لیے انسانیت کی خدمت میں آگے بڑھیں ۔
تازہ ترین