کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے سینئر وکلا رہنماوں خلیل پانیزئی ایڈووکیٹ،نجم الدین مینگل ایڈووکیٹ ، جمیل رمضان ایڈووکیٹ و دیگر نے بلاول ایڈووکیٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ وکلاء کے ساتھ ایسے واقعات پیش آنا معمول بن چکے ہیں۔ صوبائی وزیر زمین پر قبضہ کی کوشش کا نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر نصیر آباد میں زمین کے تنازع پر حملے میں زخمی ہونے والے بلاول ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ۔وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ سرکاری امور میں غیر ضروری مداخلت کی جا رہی ہے مذکورہ شخص کی سرپرستی میں انکے ساتھیوں نے گذشتہ روز سینئر وکلاء رہنما بلاول ایڈووکیٹ پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں نامزد افراد کو گرفتاری سے بچانے کیلئے اثرورسوخ استعمال کیا جارہا ہے جو افسو ناک امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص محکمہ ریونیو کے کام میں بھی مداخلت کررہا ہے۔ حلقہ سے منتخب رکن اسمبلی صوبائی وزیر اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ میں نامزد شخص کا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرنا حقائق کے برعکس ہے۔ پولیس بلاول ایڈووکیٹ پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنانے والے افراد کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائے ۔