کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ سے قبل قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے لئے غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ میچوں کے بندوبست کے لئے کام شروع کردیا ہے۔ امکان ہے کہ ٹیم کو ابتدائی طور ملائیشیا کے دورہ پر بھیجا جائے گا، جس کے بعد ہانگ کانگ اور جاپان کے ساتھ بھی میچز کے لئے بات چیت جاری ہے۔ پی ایچ ایف کے حکام نے ٹیم کو ہالینڈ اور جرمنی کے ساتھ بھی میچز کھلانے کے لئے ان کے ہاکی حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے میچز کا انعقاد کیا جاسکے۔ جون میں ڈھاکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے لئے پاکستان کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے۔