• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، شہباز شریف

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر مسلمہ تنازع ہے، بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ سچائی بھارتی جھوٹ سے چھپ نہیں سکتی۔

ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی قیادت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے عملی کردار ادا کیا۔ سلامتی کونسل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے وعدے کو پورا کرے۔

انہوں نے کہا کہ کرفیو ختم کرانے کے لیے بھارتی درندگی کیخلاف عملی اقدام اٹھایا جائے، سلامتی کونسل کے اجلاس نے جموں و کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کا بھارتی پروپیگنڈہ دفن کر دیا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی صاحب ٹویٹ کرنے سے آپ کی قومی مفادات کی نگہبانی میں ناکامی چھپ نہیں سکتی۔ افسوس کہ حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے اہم ترین قومی معاملے پر مؤثر سفارتکاری نہیں کر سکی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے چراغ کی لو کم نہیں ہونے دی۔

واضح رہے کہ بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر ایک بار پھر غور کیا گیا تھا۔

تازہ ترین