• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی شعبہ کی جدید خطوط پر ترقی بنیادی ضرورت ہے‘ فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے تعلیمی شعبہ کی جدید خطوط پر ترقی بنیادی ضرورت ہے۔ حکومت نے تعلیمی ترقی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے جس کے ثمرات منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وہ راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایک نجی گروپ آف کالجز کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمان، گروپ کے چیف ایگزیکٹو چوہدری اکرم، وائس پرنسپل حرا چوہان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 9نئی یونیورسٹیوں کا قیام زیرعمل ہے جبکہ بی ایس ڈگری کورسز کروانے والے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تعداد 55سے بڑھا کر 79کر دی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں ٹیچرز کی کپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ کا پروگرام مرتب کیا ہے جس کی تکمیل پر ٹیچرز کے ٹیسٹ لیکر لائسنس جاری کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار پرائمری تعلیم میں اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے کا بل منظور کیا گیا ہے جس سے قومی زبان اردو کو فروغ حاصل ہوگا۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ 2020ء معاشی طور پر عام آدمی کی بہتری کا سال ہے‘ قومی معیشت تیزی سے استحکام کی طرف گامزن ہے۔ مہنگائی سابقہ حکومتوں کی معیشت دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے تاہم تحریک انصاف حکومت مہنگائی کے عفریت سے نجات کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے سائنس اینڈ آرٹس نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کا بھی معائنہ کیا۔
تازہ ترین