پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ فیصل واؤڈا کےعمل سے ملک دشمنوں کو خوشی ہوئی ہے، سمجھ نہیں آتا کہ آخر حکومت کرنا کیا چاہتی ہے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ فیصل واؤڈا والے پروگرام پر پابندی کے بجائے حکومت کو اپنے بندوں کو ایسےعمل سے روکنے کی ضرورت ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے طے تھا کہ آرمی چیف کو عہدے میں توسیع ملنی چاہئے لیکن حکومت کی غیرسنجیدگی کی وجہ سے اداروں کو ڈسٹرب کیا جا رہاہے۔
دوسری جانب سکھر کی احتساب عدالت میں پی پی رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سےزائد اثاثہ جات کے کیس کی سماعت میں ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 روز کی توسیع کرتے ہوئے 3 فروری کودوبارہ طلب کیا ہے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے خورشید شاہ سے تحقیقات کے لیے درخواست پر عدالت نے نیب کو خورشید شاہ سے جیل کےاندر تفتیش کرنے اجازت دیدی ہے، نیب پنڈی نےعدالت میں 10 سوالات پر مشتمل سوالنامہ جمع کرایا تھا۔
واضح رہے کہ خورشید شاہ اوران کے 70 ساتھیوں پر 1ارب 30کروڑ روپے سے زائد آمدن کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔