• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نظیر اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے 14 ہزار سرکاری ملازمین کے گرد گھیرا تنگ

بے نظیر اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے 14 ہزار سرکاری ملازمین کے گرد گھیرا تنگ


وزیر اعظم کی ہدایت پروفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے دھوکا دہی کے ذریعے فائدہ اٹھانے والے 14 ہزار سرکاری ملازمین اور افسروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔ ملوث ملازمین اور افسران کو ملازمت سے برطرفی کے شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں ۔

شوکاز نو ٹس میں سرکاری افسران کو کہا گیا ہے کہ آپ نے دھوکہ دہی سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنی اہلیہ یا عزیز کا اندراج کرایا۔

آپ نے غلط بیانی کرتے ہوئے قومی خزانے سے لاکھورں روپے کی رقم وظیفے کی مد میں وصول کی۔

وفاقی حکومت کی طرف سے ملنے والے شوکاز نوٹس میں سر کاری ملازمین سے کہا گیا ہے کہ آپ قومی خزانے میں خوردبرد اور بد عنوانی کے مرتکب ہوئے ،شوکاز نوٹس کی وصولی کے بعد دس دن کے اندرالزامات کا جواب دیا جائے کہ آپ پرجرمانے کیوں نہ عائد کیے جائیں ؟اورکیوں نہ ملازمت سے برطرف کردیاجائے ؟؟

وفاقی حکومت نے یہ شو کاز نوٹسز ان 14ہزار سے زائد ملازمین اور سرکاری افسروں کوجاری کیے ہیں جو سالہا سال سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جعلسازی کے ذریعے فائدہ اٹھارہے ہیں ، بعض افسران اور ملازمین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وظیفہ لینے کے لیے اپنی بیویوں اور عزیزو اقارب کے نام کا اندراج کرا رکھا تھا۔

گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں پیش کردہ تفصیلات میں انکشاف کیا گیا تھا کہ مجموعی طور پہ 14 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین اور افسران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وظیفہ لے رہے ہیں۔ ان میں گریڈ 17 سے 21 کے 2 ہزار 543 افسران شامل ہیں۔ گریڈ 17 کے 1 ہزار 446 گریڈ 18 کے 604 گریڈ 19 کے 429 گریڈ 20 کے 61 اور گریڈ 21 کے 3 افسران شامل ہیں۔

تازہ ترین