• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کا آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

وزیراعلیٰ پنجاب کا آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بعض شہروں میں آٹےکی قیمتوں میں اضافےکی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہاہے کہ آٹےکی قیمتوں میں بلاجوازاضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدرات ہنگامی اجلاس میں صوبےمیں آٹےکی ڈیمانڈ، سپلائی اورقیمتوں کاجائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے آٹےکی قیمتوں میں استحکام کے لیے ضروری انتظامی اقدامات کاحکم دیا ۔

صوبے میں 376 فلور ملز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 کروڑ 6 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 فلور ملوں کے لائسنس اور 180 فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ معطل کردیا گیا۔

فرائض سےغفلت برتنے، بےضابطگیوں میں ملوث ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر گوجرانوالہ روحیل بٹ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سیالکوٹ نصراللہ خان ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک فیصل آباد کامران بشیر اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی صغیر احمد کو معطل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹےکی سپلائی یقینی بنانےکے لیے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور بہاولپور میں 126سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں کنٹرول ریٹ پر آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ خوراک میں مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ آٹےکی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر خوراک خود فیلڈ میں جاکر آٹے کی دستیابی یقینی بنائیں اور محکمہ خوراک روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے اقدامات کی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائے۔

تازہ ترین