• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نہیں آ رہے، نہیں آ رہے، نہیں آ رہے: شیخ رشید

شیخ رشید کی لاہور میں پریس کانفرنس


وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ نواز شریف کو السلام علیکم، نواز شریف نہیں آ رہے، نہیں آ رہے، نہیں آ رہے، بات ختم ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم کے خلاف نئے مضبوط کیسز کھلنے والے ہیں، شہباز شریف واپس آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فروری مارچ حکومت کے لیے مشکل مہینے ہیں، پھر سب ٹھیک ہونا شروع ہو جائے گا، مسائل ہیں، مہنگائی ہے، ہمیں سب چینلز کو ایک آنکھ سے دیکھنا چاہیے۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ہم نے کشمیر کے ایشو پر اب تک کمزوری دکھائی ہے، کشمیر کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستانی عوام تاریخی ردِ عمل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہو گا، شہباز شریف جس کام کے لیے لندن گئے ہیں انہیں وہ کام کرنے دیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری چپقلش میں ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان کی سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اپنی جگہ ہے، لیکن وزیرِ اعظم عمران خان کی جگہ کوئی متبادل نہیں، آئی ایم ایف ایک مجبوری ہے۔

وزیرِ ریلوے نے یہ بھی کہا کہ عمران خان جب تک عثمان بزدار کے ساتھ ہیں، میں ان کے ساتھ ہوں، مارچ میں پاکستان ریلوے میں ایک لاکھ نوکریاں نکلیں گی۔

تازہ ترین