• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

رانا ثناء اللّٰہ پر فرد جرم نہ لگ سکی ، درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

رانا ثناء اللّٰہ پر فرد جرم نہ لگ سکی ، درخواستوں پر فیصلہ محفوظ 


لاہور(نمائندہ جنگ )رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ کیخلاف منشیات برآمدگی کیس میں فرد جرم نہ لگ سکی، عدالت نے گاڑی کی سپردداری، فوٹیج کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور کیس کی سماعت 8فروری تک ملتوی کردی۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے روزانہ سماعت کرنے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کیسز کو ملتوی کرتا ہوں، میرا اسٹینو گرافر نہیں ہے، جس گاڑی میں آتا ہوں وہ تھرڈ کلاس گاڑی ہے۔جج شاکر حسن نے کیس کی سماعت شروع کی تورانا ثنا ء اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ اے این ایف حکام وفاقی وزیر شہر یار آفریدی سے میرے موکل کی سی سی ٹی وی یا فوٹیج فراہم کریں۔میرے موکل کے خلاف تاحال قواعد وضوابط کے مطابق چالان جمع نہیں کروایا گیا اور نہ اسکے ساتھ لف تمام دستاویزات فراہم کی گئی ہیں،صرف چالان کے دو صفحات فراہم کیے گئے جو کافی نہیں ۔پراسیکیوٹر اے این ایف نے موقف اپنایا کہ اگر کوئی میڈیا پر بیان دیدیتا ہے تو پراسیکیوشن اسکا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی پابند نہیں، قانون کے مطابق ہمارا کیس عدالت میں پیش کر دیا گیا، رانا ثناء اللہ کے وکلا ء تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔جس پر جج شاکر حسن نے اے این ایف پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کیسے کروں ؟ روزانہ کی بنیاد پر کیسز کو ملتوی کرتا ہوں، میرا سٹینو گرافر نہیں ہے، جس گاڑی میں آتا ہوں وہ تھرڈ کلاس گاڑی ہے، یہ سارے کام وزارت قانون و انصاف نے کرنے ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین