اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گندم کے بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کی حکومت نے گندم پیدا کرنیوالے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنادیا،وفاقی حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر آٹے کا بحران جان بوجھ کر پیدا کیا،عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نوازنے کیلئے آٹے کا بحران پیدا کیا، حکومت نے گندم پیدا کرنیوالے ملک کو درآمد کرنیوالا بنادیا، سلیکٹڈ ناکام،بحران نے سنگین مسائل پیدا کردئیے، حکومت کے گودام آٹے سے بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جارہی، وفاقی حکومت گندم کے بحران کی مکمل ذمہ دار ہے،عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا، سلیکٹڈ وزیراعظم بری طرح ناکام ہوچکا ہے،بلوچستان میں آٹے کے بحران نے سنگین مسائل پیدا کردئیے اور عمران خان دعوے کرنے سے باز نہیں آرہے، خیبرپختونخوا کو آٹے کی سپلائی پانچ دن سے بند ہے اور صوبے کے وزیر عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا اپنے گوداموں سے سندھ کو آٹے کی فراہمی روکنا بڑی ناانصافی ہے، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عوام آٹے کے حصول کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں، ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا، یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے، گیس اور بجلی مہنگا کرنے سے بنیادی ضروریات کی تمام اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہورہی ہیں، ملک میں آج تاریخ کی مہنگی ترین قیمتوں پر آٹا فروخت ہورہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مرکزی ترجمان پی پی پی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ آٹے کا بحران اور مہنگائی نااہل حکومت کا تحفہ ہیں۔