• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹھائیوں کا ذکر کریں، تو تقریباً ہر شہر کی اپنی کوئی نہ کوئی مخصوص مٹھائی ہے۔جیسے ملتان کا سوہن حلوا بہت مشہور ہے، تو خان پور کے پیڑوں اور حیدرآباد کی ربڑی وغیرہ کا بھی جواب نہیں۔ 

چوں کہ سالِ نو کی چاشنی ابھی کم نہیں ہوئی،تو ہم نے سوچا کیوں نہ اس اتوار چند لذیذ میٹھوں کی تراکیب پیش کی جائیں۔لیجیے، ان میں سے کوئی بھی میٹھا ٹرائی کرکے آپ بھی اپنے رشتوں میں جتنی چاہیں مٹھاس گھول لیں۔

کھوئے کے پیڑے

اجزاء:کھویا ایک کلو،چینی تین پاؤ،بادام، پستہ( کتر لیں)حسبِ منشاء اور چاندی کے ورق حسبِ ضرورت۔

ترکیب:فرائنگ پین میں کھویا ڈال کر بھونیں،جب رنگت سُرخی مائل ہونے لگے، تو چولھا بند کردیں۔اب ایک الگ پتیلی میں حسبِ ضرورت پانی لے کر اس میں چینی ڈالیں اور چاشنی تیار کرلیں۔پھر اس میں کھویا ڈال کراچھی طرح مِکس کریں اور تھوڑا سا پکا کر چولھا بند کردیں۔اب اس کے لڈّو بناکر آخر میں پستہ، بادام چھڑک کےچاندی کا ورق لگادیں۔

سوہن حلوا

اجزاء:گلوٹین ایک کپ،چینی ایک کلو،گھی ایک کپ،سبزالائچی (چھلکے الگ کرکےپیس لیں)15عدد،ٹاٹری ایک چٹکی،جائفل ایک عدد،جاوتری چائے کا چوتھائی چمچ، زردہ رنگ چائے کا چوتھائی چمچ،بادام، پستہ حسبِ ضرورت اور پانی پانچ کپ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں ڈیڑھ کپ پانی اور چینی ڈال کر مِکس کریں۔پھر اس میں ٹاٹری، جاوتری، جائفل اور الائچی کا آدھا سفوف شامل کرکے چاشنی تیار کرلیں۔ ایک دوسری پتیلی میں تین چوتھائی کپ پانی لے کر اس میںگلوٹین اور زردہ رنگ اچھی طرح مِکس کرکے کپڑے کی مدد سے چھان لیں۔ اب اس چھنے ہوئے گلوٹین کے پانی کو چاشنی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

اس دوران چمچ چلاتی رہیں۔ قدرے گاڑھا ہونے پر بادام ، پستہ چھیل کر ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر مزید پکائیں۔ جب حلوا گاڑھا ہو جائے اور چمچ مشکل سے چلے، تو ایک ہاتھ سے دیسی گھی تھوڑا تھوڑا کرکے ڈالیں اور دوسرےسے چمچ چلاتی رہیں۔ حلوا سُرخ ہو کر گھی چھوڑ دے، تو چولھا بند کرکے کسی تھال میں نکال لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر ٹکڑے کاٹ لیں۔

حیدرآباد کی ربڑی

اجزا:دودھ(بالائی کے ساتھ)دو لیٹر، چینی چار کپ، عرقِ گلاب ایک چائے کا چمچ، بادام،پستہ اور کاجو (باریک کٹے ہوئے)حسب ِذائقہ۔

ترکیب:ایک دیگچی میں دودھ ڈال کر ایک اُبال آنے پر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔اس دوران چمچ گاہےگاہےچلاتی رہیں۔جب دودھ پک کر ایک چوتھائی رہ جائے، تو اس میں چینی اور خشک میوے ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قدرے خشک ہوجائے بس ربڑی ملائی باقی رہ جائے۔اب کسی باؤل میں نکال کر اس میں عرقِ گلاب مِکس کریں اور فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں۔ (عائشہ بتول، کراچی)

قلاقند

اجزاء:کھویا ایک کلو،چینی ایک کلو، سبز الائچی چھے عدد ،پستہ(باریک کترلیں)حسبِ منشاء اور چاندی کے ورق حسبِ ضرورت۔

ترکیب:کھویا اور چینی ہاتھوں کی مدد سے خُوب اچھی طرح مِکس کریں، جب یک جاں ہوکر ایک تار سا بن جائے، تو ایک تھال میں ڈال کر ہاتھوں سے دباتے ہوئے پھیلائیں اور پستہ، الائچی کا سفوف چھڑک کر چاندی کے ورق لگادیں۔

بنگالی گلاب جامن

اجزاء:چاول(پکانے سےدو گھنٹے قبل بھگو دیں)ایک پاؤ، دودھ دو کلو، مِلک پاؤڈر دو چائے کے چمچ، پستہ، بادام اور دیسی گھی حسبِ منشاء،چینی حسبِ ضرورت۔

ترکیب:ایک پتیلی میں چاول اور دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب چاول گل جائیں، تو اس میں پستہ ،بادام اور مِلک پاؤڈر شامل کردیں۔آمیزہ گاڑھا ہونے پر چولھا بند کردیں۔ اب اس کےگلاب جامن بنا کر فرائی کرلیں۔ اس کے بعد حسبِ ضرورت شیرہ بنا کر تمام گلاب جامن اس میں ڈال کر دو منٹ بعد چولھا بند کرکے کسی باؤل میںنکال لیں۔ (عفت جہاں،لاہور)

ناریل کی برفی

اجزاء:ناریل (خشک پِسا ہوا)دو پیالی، دیسی گھی ڈیڑھ پیالی، چینی ایک پیالی،پستہ،کیوڑا ایک چمچ، بادام حسبِ ضرورت اور ونیلا ایسینس آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب: ایک پتیلی میں گھی نیم گرم کرکے اس میں ناریل ڈالیں اور ہلکا سافرائی کرکے چینی شامل کر دیں۔اب اتنے دیر پکنے دیں کہ قوام سخت ہو کر سِمٹنے لگے۔ پھر کیوڑا ڈال کر چولھابند کردیں۔ اب کسی تھال میں گھی لگا کر انتہائی تیزی سے آمیزہ پھیلا کر پستہ، اور بادام چھڑک دیں۔ پھر چُھری سے چوکور ٹکڑے کاٹ کر ٹھنڈا ہونے پر کسی ڈش میں نکال لیں۔ (شاہین ولی شاد، ملیر، کراچی)

تازہ ترین