• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر قانونی کارروائی کرے، لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر وفاقی حکومت کو قانون کے مطابق قانونی چارہ جوئی کرنے کی ہدایت کر دی، دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے نواز شریف کی ای سی ایل سے نام کے اخراج اور حکومت کی طرف سے انڈ منٹی بانڈ کی شرط کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس میں حکومت کے بیرون ملک علاج کیلئے شرائط کو چیلنج کیا گیا۔

نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم ابھی برطانیہ میں زیر علاج ہیں اور ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں داخل کروا دی ہیں۔

دو رکنی بنچ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار نواز شریف کب واپس آئیں گے؟ جس پر سابق وزیر اعظم کے وکیل نے بتایا کہ جیسے ہی ڈاکٹر انہیں فٹ قرار دیں گے تو وہ واپس آ جائیں گے۔

وفاقی حکومت کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے نشاندہی کی کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ فراہم نہیں کی گئی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نکتہ اٹھایا کہ عدالت نے جو 4 ہفتوں کا وقت دیا تھا وہ ختم ہو چکا ہے نواز شریف وہاں پر گھوم پھر رہے ہیں اور ریسٹورنٹ میں جاکر برگر کھا رہے ہیں ۔

نواز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے اعتراض کیا کہ عدالت نے روزے رکھنے اور گھر سے باہر نکلنے کا نہیں کہا تھا۔

فاضل بنچ کے رکن چوہدری مشتاق احمد نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری وکیل سیاست نہ کریں قانون کے مطابق بات کریں، بنچ نے قرار دیا کہ اب تو کچھ اور لوگ یہاں سے وہاں جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

تازہ ترین