• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، شوکت یوسفزئی

روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، شوکت یوسفزئی


وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے نان بائیوں کی جانب سے روٹی کی قیمت میں اضافے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کسی بھی صورت اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔

نانبائیوں کی ہڑتال پر میڈیا کو جاری ویڈیو بیان میں وزیرِ اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے نان بائیوں کو سستا آٹا فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آٹا خرید کر صوبہ میں لانے کے عمل میں ایک سے دو دن لگتے ہیں، مارکیٹ میں کل تک آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ جیسے نان بائیوں نے پہلے سے ہی ہڑتال کا فیصلہ کر رکھا تھا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی صورت روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ نان بائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال بلاجواز ہے، حکومت نان بائیوں کو سستا فائن آٹا دینے کے لیے تیار ہے۔

پشاور میں نان بائیوں  کی ہڑتال، تندور بند، شہری پریشان

 دوسری طرف پشاور میں روٹی کی قیمت بڑھانے کے لیے نان بائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کردی ہے جس کے بعد شہر بھر میں تندور بند پڑے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو صبح سویرے سے روٹی کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خیبر پختونخوا نان بائی ایسوسی ایشن کی کال پر پشاور کے نان بائیوں نے ہڑتال کی۔ ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے تاہم حکومت نے نان بائیوں کا مطالبہ مسترد کیا، جس پر نان بائیوں نے پشاور، ہزارہ ڈویژن، کوہاٹ اور ہنگو میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

تندورں کی بندش سے شہریوں کو روٹی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر محمد اقبال نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت کو یہ پیشکش کی ہے کہ 150 گرام کی روٹی 15 روپے میں فروخت کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم حکومت کا مطالبہ ہے کہ 170 گرام کی روٹی 15 روپے میں فروخت کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سستے آٹے کی فراہمی پر یقین نہیں رکھتے اور نان بائی ایسوسی ایشن مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتی۔

صدر نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ہڑتال کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھا دیا جائے گا۔

تازہ ترین