• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ق لیگ نے وزارت اعلیٰ مانگی نہ بزدار تبدیل ہورہے ہیں، گورنر

لاہور(نمائندہ خصو صی) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ ق لیگ نے وزارت اعلیٰ کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور نہ ہی سردار عثمان بزدار تبدیل ہورہے ہیں۔جب تک وزیر اعظم عمران خان اور پنجاب اسمبلی سردار عثمان بزدار کے ساتھ ہے ان کو کوئی خطرہ نہیں،ق لیگ اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت گرانے کے کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنیں گے۔اتحادی جماعتوں کے شکوے شکایت اور ناراضگیاں ہوتی رہتی ہیں جو دور ہوجائیں گی۔ تحفظات دور کر رہے ہیں،حکومت ملک میں سر مایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے ،صوبے میں آٹے کا کوئی بحران نہیں عوام کو آٹے اور چینی سمیت تمام اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ وہ سوموار کے روز لاہور میں اوورسیز پاکستانی میاں طارق کے ڈیٹا سنٹر کا افتتاح کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ یورپ سمیت جہاں بھی اتحادی حکومتیں بنتی ہیں ان میں اتحادیوں کے بعض معاملات پر شکوے شکایتیں ہوجاتی ہیں ہماری حکومت کے بارے میں بھی بہت سی باتیں ہو رہی ہیں لیکن جمہوریت اور حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطر ہ نہیں ہم آئینی مدت پوری کر یں گے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ (ق) لیگ اور ایم کیوایم کیساتھ حکومتی ٹیم مکمل رابطے میں ہے اور ان کے تمام تحفظات دور کیے جا رہے ہیں۔ق لیگ،ایم کیو ایم اور بلو چستان نیشنل پارٹی مینگل سمیت تمام اتحادی جمہوریت اورحکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت کو گرانے کے کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ آئندہ عام انتخابات کا انتظار کرے۔ تحر یک انصاف کے ارکان اسمبلی کی ناراضگیوں کے حوالے سے گور نر پنجاب نے کہا کہ تمام اراکین وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کیساتھ ہیں۔ پارٹی میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے ۔اراکین اسمبلی بھی اپنے حلقوں میں وعدے کرکے ووٹ لیتے ہیں۔ حکومت تمام حلقوں میں تر قیاتی کاموں اور تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ ہم نے قوم سے تبدیلی کاوعدہ کیا ہے اس لیے ہم عوامی مسائل کے حل میں محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں ۔
تازہ ترین