پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے سرکاری اسکول میں جھولے کے پلرز گرنے سے 2 بچوں کی ہلاکت اور 5 بچوں کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بچوں کی ہلاکت اور اسکول پرنسپل اور اسکول ٹیچرز پر مقدمے کے اندراج کے بعد آج اسکول بند ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے میں گزشتہ روز جھولے کے لیے بنائے سیمنٹ کے پلرز گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے تھے۔
دردناک واقعے کا مقدمہ جاں بحق ہونے والے 8 سالہ کلیم کے والد کی مدعیت میں تھانہ سیت پور میں درج کر لیاگیا۔
مقدمے میں اسکول پرنسپل یونس، 4 ٹیچرز اور پلرز بنانے والے مستری کو نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: حافظ آباد میں جھولا گرنے سے لڑکی جاں بحق
پولیس نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
سی ای او ایجوکیشن مظفرگڑھ مسعود ندیم کے مطابق اسکول پرنسپل محمد یونس کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ محکمۂ تعلیم کی 2 رکنی انکوائری کمیٹی آج واقعے کی تحقیقات شروع کرے گی۔
یہ کمیٹی جھولے کی تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال اور من پسند افراد کو ٹھیکہ دینے سمیت دیگر پہلوؤں کے بارے میں تحقیقات کرے گی ۔