خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی پشاور) منصوبہ مکمل کرنے کی نئی ڈیڈلائن دے دی ہے۔
ایک بیان میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جون 2020 میں بی آرٹی پشاور مکمل کرلی جائے گی۔
صوبائی حکومت کے بی آر ٹی پشاور کے حوالے سے یہ آٹھویں ڈیڈلائن ہے، گزشتہ برس(2019) کے آخر میں خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کی ساتویں ڈیڈلائن دی تھی۔
اُس وقت کہا گیا تھاکہ مارچ 2020 میں منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا ،صوبائی حکومت نے رواں برس مارچ میں منصوبے کی تکمیل کی تاریخ چند خدشات پیدا ہونے کے باعث دی تھی اور کہا گیا تھاکہ بی آر ٹی کے 30 بس اسٹیشنوں پر کام مکمل نہیں ہوا جبکہ 14 بس اسٹیشنوں پر جنوری کے آخر میں کام مکمل ہوگا۔
صوبائی حکومت نے اُس موقع پر یہ بھی کہا تھاکہ منصوبے کے کنٹریکٹر نے اگلے سال(2020) کے مارچ میں منصوبہ مکمل کرنے کی تاریخ دی ہے۔
صوبائی حکومت نے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے چھٹی ڈیڈلائن دسمبر 2019 کی دی تھی ۔
منصوبے کے ڈی جی محمد عزیز نے اس وقت بھی کہا تھاکہ منصوبہ رواں مالی سال (2019-20 ) کے اندر ہی مکمل کیا جائے گا۔