• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوٹ مار کی وارداتوں کیخلاف مکینوں کا نیشنل ہائی وے پر احتجاج، ٹریفک جام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود میں ڈکیتی اور رہزنی کے بڑھتےہو ئے واقعات پرعلاقہ مکینوں نے مین نیشنل ہائی وے پر ٹریفک روک کر پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ، دو گھنٹے جاری احتجاجی مظاہرے کے دوران گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، بعدازاں پولیس نے مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کر کے ملزمان کی گرفتاری یقینی بناکر پر امن طور پر منتشر کر دیا،واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران شاہ لطیف ٹائون کے علاقے سیکٹر 17اے میں قائم سپر اسٹور پر منگل کے روز نامعلوم مسلح ملزمان پانچ لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے،جبکہ اس سپر اسٹور سے 5جنوری کی شب 5ملزمان 5لاکھ روپے سے زائد نقدی اور خریداری میں مصروف شہریوں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر رقم اور قیمتی موبائل فونز چھین کر لے گئے تھے،تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ، جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن میں چند ماہ قبل ایک انوکھی واردات ہوئی جس میں ملزمان دکاندار سے نقدی چھیننے کے ساتھ مرغی کا دس کلو گوشت بھی اسلحے کے زور پر لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ، واردات کے دوران ملزمان نے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا ، تاحال ملزمان پولیس کی گرفت میں نہ آسکے ۔

تازہ ترین