دھابیجی/ ٹھٹھہ (نامہ نگار‘ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح حکومت چل رہی ہے ایسا لگتا ہے یہاں ایک نہیں دو پاکستان ہیں‘پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انہوں نے اپنے مرضی کے آئی جی لگادیئے لیکن جب سندھ کی بات آتی تو یہاں الگ قانون ہے۔
کیا آج تک سندھ ایک کالونی ہے جو اپنی مرضی کا آئی جی بھی نہیں لگاسکتا‘یہ حکومت غریب کے لیے عذاب بن چکی ‘ عوام کا خون چوس رہی ہے‘کٹھ پتلی حکومت خود گرجائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو ایک سال کا عرصہ ہو چکا ہے، لیکن اس دوران وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں کسی ایک ترقیاتی منصوبے کا فیتہ کاٹنے کی تقریب کا انعقاد بھی نہیں ہوا، صوبے میں کہیں ایک پتھر بھی نہیں لگایا۔
نااہل حکومت قوم کو بانٹ رہی ہے، وفاق کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اپنی نااہلی و نالائقی کو چھپانے کے لیئے گالی دینے کے بجائے سلیکٹڈ حکومت کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ "دو نہیں، ایک پاکستان" کا نعرہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے لگایا تھے، جسے موجودہ حکمرانوں نے چرالیا، لیکن نقل کے لیئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی سندھ کے پاس اتنی گنجائش ضرور ہونی چاہئے کہ وہ اپنی مرضی کی ٹیم بنائے۔