• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی صدرکی القدس آمد، اسرائیلی پولیس افسروں کو ڈانٹ دیا

مقبوضہ بیت المقدس(آئی این پی)فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اسرائیل کے خصوصی دورے پر مشرقی بیت المقدس پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایک چرچ میں بھی حاضری دی، اس موقع پر فرانسیسی صدر اور اسرائیلی پولیس کے درمیان نوک جھونک بھی دیکھی گئی۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق صدرایمانوئیل میکرون نے چرچ کے اندر آنے والے ایک اسرائیلی پولیس اہلکار کو چلاتے ہوئے اس کی سرزنش کی اور اسے گرجا گھر سے باہر نکال دیا۔فرانسیسی میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ فرانس کی ملکیت والی سینٹ این چرچ کے داخلی دروازے پر اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی پولیس کے ایک افسر نے چرچ میں داخل ہوا تاہم بعد ازاں واپس آگیا۔ وہ افسر دوبارہ داخل ہوا صدر میکرون نے اسے چلاتے ہوئے وہاں سے چلے جانے کے لئے کہا ۔ اس موقعے پر فرانسیسی صدر کے محافظوں نے اسرائیلی پولیس اہلکاروں کو وہاں سے باہر نکال دیا۔ فرانسیسی صدر اور اسرائیلی پولیس افسر کے درمیان تو تکرار بھی ہوئی۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پولیس اہلکار نے چرچ کے تقدس کا احترام نہیں کیا۔ جب پولیس اہلکار میرے سامنے آیا تو میں نے اسے ڈانٹ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ دوسرے کومشتعل کرے۔ ہمیں ان قوانین اور اصولوں کا احترام کرنا چاہیے جو صدیوں سے چل رہے ہیں۔
تازہ ترین