کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سزا پوری کرنے والے قیدیوں کا جرمانہ بھرنے کو تیار ہیں،سندھ حکومت بھی ان قیدیوں کا جرمانہ معاف کرسکتی ہے،گورنر سندھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں قانون بنتا تو ہے مگر اس کا نفاذ ایک ضروی امر ہے غریب اور امیر کے لئے ایک ہی قانون ہونا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایس او ڈی کے زیر انتظام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کانفرنس میں اراکین سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی، سدرا عمران،پیر مجیب اور دیگر بھی شریک تھے، گورنرسندھ نے مزید کہا کہ معاشرے میں چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے،معاشرے میں اصلاحات لائے بغیر عام آدمی کا معیار زندگی نہیں بدلا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ جیلوں سے غیر قانونی کام ہو رہے ہیں ان کی روک تھام ضروری ہے حکومت کو قیدیوں کی ریہیبلیٹیشن پر بھی کام کرنا ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا،عام آدمی کی کفالت کے لئے ہمیں بلا تفریق کام کرنا ہوگا سیاست اپنی جگہ لیکن عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ہمیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا عوام کی بھلائی کے اقدامات سے ہی ہم فلاحی معاشرے کی تشکیل یقینی بنا سکتے ہیں۔