• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں سبھی گوشت کھانے کےشوقین ہیں۔اس کو کئی مزیدار طریقوں سے بنا کر کھایا جاتا ہے۔سب سے مقبول طریقہ باربی کیو ہے ۔ عرصہ دراز سے باربی کیو کیا جارہا ہے۔لیکن اس کے شوق میں کبھی کمی نہیں آئی ۔نئے نئے پکوانوں کے بعد بھی گوشت باربی کیو کرنا آج بھی سب سے پسندیدہ ہے۔ سارا سال ہی باربی کیو پارڑیز کا انعقاد ہوتا ہے۔

مگر سردیوں میں خاص اہتمام ہوتا ہے۔ سردیوں کی ٹھنڈی راتوں میں گھرکی چھتوں پر بیٹھ کر باربی کیو کرنے کا خوب مزہ آتا ہے۔ دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی دعوت دی جاتی ہے ۔ سب مل بیٹھ کرگرم گرم باربی کیو کا مزہ لیتے ہیں اور گپ شپ بھی کی جاتی ہے۔علاوہ ازیں مہندیوں کی تقریبات پر بھی باربی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس کی خوشبو اتنی مزیدار ہوتی ہے کہ ہر طرف پھیل جاتی ہے۔اپنی پسند کے مطابق چکن،مٹن،بیف اور فش کسی بھی گوشت سے باربی کیو کیا جاسکتا ہے۔چند مزیدار باربی کیو ڈشز کی تراکیب ملا حظہ کریں۔

باربی کیو فوائل چانپیں

اجزاء۔بکرے کی چانپیں۔2/1 کلو ،ہرا دھنیا(چوپ کیا ہوا)۔4/1 گڈی ،پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ،پسی ہوئی لال مرچ۔ایک کھانےکا چمچ،پسا ہوا لہسن، ادرک۔2 کھانے کے چمچ ،پسا ہوا کچا پپیتا۔3 کھانے کے چمچ،نمک۔ حسب ذائقہ،تیل۔3 کھانے کے چمچے، سلاد پتے، ٹماٹر، پیاز، کھیرا، لیموں ۔ سجانے کے لئے۔

ترکیب۔

چانپوں پر پپیتا اور نمک لگا کر 15 منٹ کے لئے رکھ دیں۔ اس میں باقی تمام اجزاء ملائیں۔ المونیم فوائل کے ٹکڑوں پر ایک ایک چانپ رکھ کر اسے لپیٹ لیں۔ انگیٹھی پر کوئلے گرم کریں، اس کے اوپر جالی رکھیں اور جالی کے اوپر چانپیں رکھ دیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد انہیں پلٹتے رہیں۔ 15 منٹ بعد چانپ کو کھول کر دیکھیں۔ اگر وہ اچھی طرح سے گل گئی ہو تو باقی چانپیں اتار لیں۔ بصورت دیگر، انہیں مزید 5منٹ تک پکائیں۔ مزیدار چانپیں سلاد پتے، ٹماٹر،کھیرے، پیاز اور لیموں سے سجا کر پیش کریں۔

باربی کیو قیمہ

اجزاء۔بیف قیمہ۔ 1کلو،کھانے کا تیل۔ 1کپ،ٹماٹر۔ 3-4عدد،پیاز۔ 1کپ

نمک ۔حسبِ ذائقہ،ہلدی۔ 1چائے کا چمچ

ذیرہ پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ،دھنیا پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ،لال مرچ پاؤڈر۔ 2چائے کے چمچ،کٹی لال مرچ۔ڈیڑھ کھانے کا چمچ،گرم مصالحہ پاؤڈر۔ 1چائے کا چمچ،پانی۔ 1کپ دہی۔ 1کپ،ادرک لہسن پیسٹ۔ 1کھانے کے چمچ،دھنیا ۔گارنش کے لئے، کوئلہ۔ دھویں کے لئے۔

ترکیب۔ایک پین میں کھانے کا تیل گرم کرکے اس میں ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر ایک منٹ کے لئے بھون لیں۔اب اس میں قیمہ ڈال کر تین سے چار منٹ کے لئے اچھی طرح مکس کریں۔پھر اس میں نمک، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، کٹی لال مرچ اور پانی ڈال کر ڈھکن سے ڈھانپ کر آئل آنے تک پکائیں۔

اب اس میں گرم مصالحہ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر اور ذیرہ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔پھر اس میں دہی ڈال کر پانی آنے تک پکائیں۔اب اس میں ٹماٹر اور مرچیں ڈال کر تیس سیکنڈ کے لئے ڈھکن سے ڈھانپ دیں۔پھر ایک فوائل پیپر کا کپ بنالیں اس پر گرم کوئلہ رکھ تیل ڈالیں اور اپنی ڈِش کو کوئلہ کا دم دے دیں۔باربی کیو قیمہ تیار ہے۔

چکن باربی کیو ہانڈی

اجزاء۔چکن بون لیس۔ 500گرام،پیاز ۔چوپ کیاہوا ایک عدد،ادرک لہسن پیسٹ۔ تین کھانے کے چمچ،نمک۔ حسبِ ذائقہ، لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ،سبز مرچ۔ چوپ کی ہوئی 7-6,لال مرچ ۔کُٹی ہوئی ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر ۔پسے ہوئے چھ عدد، لال مر چ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ، چکن یخنی آدھا کپ، گرم مصالحہ پاؤڈر۔ ایک چائے کاچمچ،سبز دھنیا۔

چوپ کیا ہوا ایک کھا نے کا چمچ،کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کاچمچ، کھانے کا تیل۔ چار کھانے کے چمچ،پیلا رنگ ۔ایک چوتھائی چائے کاچمچ،زیرہ پاؤڈر ۔ایک چائے کاچمچ،دھنیا پاؤڈر ۔ایک چائے کاچمچ، مکھن۔ ایک کھا نے کا چمچ،بادام ،کا جو اور پستہ پاؤڈر۔ ایک کھا نے کا چمچ،کریم ۔دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب۔

ایک برتن میں چکن لیں اور اس میں نمک، ادرک لہسن پیسٹ (ڈیڑھ کھانے کا چمچ) ، لیموں کا رس ،لا ل مرچ کُٹی ہوئی ،لال مرچ پاؤڈ ر (آدھا چائے کا چمچ)، گرم مصا لحہ پاؤڈر ،کالی مرچ پاؤڈر، پیلا رنگ اور کھانے کا تیل (دو کھانے کے چمچ) ڈال کر ملائیں اور تیس منٹ تک فریج میں رکھیں۔ اب چکن کو گرل کر لیں۔ اب ایک برتن میں کھانے کاتیل (دو کھانے کے چمچ)لیں اس میں پیاز ،سبز مرچ اور اد رک لہسن پیسٹ (ڈیڑھ کھانے کا چمچ) ڈال کر ہلکا سا پکا لیں ۔

اب اس میں ٹماٹر ،نمک،لال مرچ پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچ)، زیرہ پاؤڈر اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر تین سے چار منٹ تک بُھونائی کرلیں ۔اب اس میں گرل کیاہوا چکن ،بادام پستہ اور کاجو پاؤڈر،کریم ،اور چکن یخنی ڈال کر دو سے تین منٹ تک دم دیں ۔اب اس کی دو سے تین منٹ بُھونائی کرلیں اور سبز دھنیا بطور گارنش استعما ل کر لیں ۔اب اس میں مکھن ڈ ا ل دیں۔ مزیدار چکن باربی کیو ہانڈی تیار ہے ۔

باربی کیو شنواری تکہ

اجزاء۔چکن ڈرم اسٹکس۔ بارہ عدد ،کچری پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ ،لہسن کا پیسٹ ۔ ایک چائے کا چمچ ،بھنا کٹا زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ ،تیل ۔فرائی کے لیے، نمک ۔ حسب ذوق تازہ لیموں کا رس ۔ ایک چوتھائی کپ ،کوئلہ ۔ ایک عدد ،پراٹھے ۔ سرونگ کے لیے ،سلاد ۔ سرونگ کے لیے ،رائتہ ۔، سرونگ کے لیے ۔

ترکیب۔چکن ڈرم اسٹکس کو نمک، میٹ ٹینڈر رائزر اور لہسن کا پیسٹ لگا کر ایک گھنٹہ میری نیٹ کریں۔ اب ان چکن ڈرم اسٹکس کو 8 سے10 منٹ تک اسٹیم کر کے ٹھنڈا کرلیں۔

اس کے بعد گرم تیل میں ڈیپ فرائی کریں، یہاں تک کہ گولڈن براؤن ہوجائیں۔ایک برتن میں ڈرم اسٹکس رکھیں۔مپھر اس کے بیچ میں گرم کوئلہ رکھیں اور تیل ڈال کر تھوڑی دیر ڈھک دیں، تاکہ باربی کیو کا دھواں آجائے۔

کوئلے کو ہٹائیں۔اوپر سے کٹی کالی مرچ،بھنا کٹا زیرہ اور لیموں کا رس چھڑک دیں۔

پراٹھا، چپاتی یا کلچے کے ساتھ سرو کریں۔

فش تکہ

اجزاء۔مچھلی۔ 500 گرام کریم۔ 200ملی لیٹر،کوکو نٹ ملک پاؤڈر۔ 100 گرام،نمک ۔حسبِ ذائقہ،دھنیا پاؤڈ ر۔ ایک کھانے کا چمچ زیرہ کُٹا ہوا۔ ایک کھانے کا چمچ،گرم مصالحہ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ،اجوائن۔ ایک چائے کا چمچ،لال مرچ ۔کُٹی ہوئی ایک چائے کا چمچ،ادرک ، لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ ریڈ چلی سوس۔ دو کھانے کا چمچ،کالی مرچ پاؤڈر۔ آدھی چائے کا چمچ،زیتون کا تیل۔ دو کھانے کا چمچ،لیموں کا رس۔ تین کھانے کا چمچ پیلا رنگ ۔آدھا چائے کا چمچ، تیل۔ حسبِ ضرورت۔

ترکیب۔ایک برتن میں مچھلی لیں اور اس میں کریم، کوکونٹ ملک پاؤڈر، نمک، دھنیا پاؤڈر،زیرہ کُٹا ہوا،گرم مصالہ پاؤڈر، اجوائن، لال مرچ کُٹی ہوئی، ادرک لہسن پیسٹ، کالی مرچ پاؤڈر،زیتون کا تیل،ریڈ چلی سوس، پیلا رنگ اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح ملا لیں ۔اب اس کو تیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔اب گرل پر تیل لگا کرتیار کی ہوئی مچھلی گرل کر لیں۔مزے دار فش تکہ تیار ہے۔

کورین بیف باربی کیو

اجزاء۔گوشت۔ ایک کلو (ہڈی کے بغیر)،سبز پیاز ۔چار عدد (کٹی ہوئی)،سویا سوس۔ آدھا کپ،سرکہ ۔پانچ کھانے کے چمچ،چینی۔ چھ چائے کے چمچ،تِلوں کا تیل ۔دو چائے کے چمچ

ادرک ۔دو کھانے کے چمچ (پسا ہوا)،لہسن ۔دو چائے کے چمچ (پسا ہوا)،گرم مصالحہ۔ حسبِ ضرورت،نمک۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔گوشت کو دو انچ کے چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں (ان کی چوڑائی ایک سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو)۔اب اس میں تمام مصالحے اور دوسری چیزیں ڈال دیں۔اس کو چار یا پانچ گھنٹوں کےلئے فریج میں رکھ دیں۔اس کے بعد نکال لیں اور اس میں تلوں کا تیل ڈال دیں۔کوئلے دہکا کر انہیں اچھی طرح سُرخ کرلیں اور ان کے اوپر جالی رکھ دیں۔اب جالی کو چکنائی لگا کر ان گوشت کے ٹکڑوں کو دونوں طرف سے بھون کر سنہرا کرلیں۔جالی کو کوئلوں سے تقریباً چار انچ اونچا رکھیں۔تیار ہونے پر گرم گرم نوش کریں۔

تازہ ترین