• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت پیش نہ ہونے پر5پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے منشیات کے مقدمہ میں بطور گواہ عدالت میں پیش نہ ہونے والے دو سب انسپکٹروں سمیت 5 پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے مقدمہ کی آئندہ سماعت 17 فروری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت نےسب انسپکٹر نادیہ اقبال، اور راقب عثمان،اے ایس آئی رانا محمد ابوبکر، کانسٹیبلوں تصور حسین اور اسلم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون وجیحہ انور کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور کو ہراساں کرنے سے روک دیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ سالہ بچے پر تیزاب پھینکنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزمہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔فاضل عدالت میں پولیس تھانہ صدر کے مطابق کچھ روز قبل سورج میانی میں پانچ سالہ بچے منتطر پر تیزاب پھینکا گیا تھا۔جس پربچے کے والد مختار حسین کی مدعیت میں اقدام قتل اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے شہری کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر قیمتی سامان لوٹنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد عدیل کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ملزم کو آج دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے منشیات کے مقدمہ میں ملوث ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کی رقم ہتھیانے والے تین ملزمان کا جسمانی جبکہ ایک ملزم اعجاز کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے موبائل چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم ابوبکر کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد رمضان عرف جان کا جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا ہے۔ملزم کو آج دوبارہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے مزدور کو اغوا کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد رشید کا آج تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے اور ملزم کو آج دوبارہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔تھا نہ کپ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر امام بارگاہ شاہ یوسف گردیز والی گلی میں مجرم عمار شاہ کی موجودگی پر چھاپہ مارا ۔پولیس کارروائی کے دوران مظہر عباس نے عمار شاہ کو موقع سے بھگا دیا جس پر پولیس نے اشتہاری مجرم کی فرارہونے میں معاونت کرنے پر مقدمہ درج کرلیا۔
تازہ ترین