• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہود و ہنود مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں، صاحبزادہ ابوالخیر

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جمعیت علماء پاکستان کے صدر و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جامع مسجد غوثیہ اقبال آباد میں ابو الشرف مفتی محمد عمر خلجی قادری کی والدہ کی فاتحہ چہلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکولر اور لادین قوتوں کا مقابلہ علم دین کے ہتھیار سے کیا جائے‘ عالم دین بن کر دنیا میں اسلام کے پیغام امن و محبت‘ اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینے اور اسلام کے خلاف زہیر اگلنے والوں کا مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے‘ مغربی استعماری قوتیں‘یہود و ہنود مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں‘ مسلمانوں پر دہشت گردی کا لیبل لگا کر دنیا بھر میں عرصہ حیات تنگ کردیا گیا‘ کشمیر‘ فلسطین‘ برما‘ شام‘ عراق‘ لیبیا اور افغانستان میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے‘ ہندوستان میں مسلمانوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے‘ کشمیر میں 150 دنوں سے مظلوم کشمیری ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں‘ اسرائیلی فوج فلسطین میں ظلم کا راج قائم کئے ہوئے ہے‘ شام‘اردن‘ لیبیا میں بمباری کر کے مسلمانوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے‘ برما میں روہنگیا مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی عبادت کے بعد والدہ کی عزت و تکریم کا حکم دیا گیایہاں تک کہ والدین کے سامنے اف تک نہ کرو‘ والدین کا خوش دلی سے دیکھنا بھی حج کے ثواب کے برابر ہے‘ ماں کے قدم تلے رب کریم نے جنت رکھی ہے جو والدین کا احترام کرتے اللہ انکے درجات بلند کردیتا ہے‘ مفتی محمد عمر خلجی قادری نے علم دین حاصل کیاجو ان کے والدین کےلئے نجات اور بخشش کا ذریعہ ہے‘ ہمیں چاہئے کہ اپنے بچوں کو دین کے علم سے آراستہ کریں۔ اجتماع میں صاحبزادہ نورالحسن جیلانی‘علامہ عبدالوہاب قادری‘ ڈاکٹر محمد یونس دانش‘علامہ محمد طاہر طاہری‘ مولانا محمد فاروق قریشی‘ محمد عارف قائم خانی‘ حافظ غلام سرور امینی‘ حافظ محمد عتیق سمیت علماءمشائخ اور معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
تازہ ترین