حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) تعلقہ ایجوکیشن آفیسر لطیف آباد شبیر احمد گجر نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلوائیں‘ سرکاری اسکولز بچوں کو بہتر تعلیمی نظام فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے والدین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں گورنمنٹ اسکولز کا تعلیمی معیار پرائیوٹ اسکول کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہوگیا ہے جبکہ پرائیویٹ اسکولز کی فیسیں غریب والدین کیلئے نا قابل برداشت ہیں ،لیکن گورنمنٹ اسکولوں میں اب یونیفارم‘ کتابیں اور اس کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کے لئے سامان مفت فراہم کیا جاتا ہے‘ گورنمنٹ اسکولز میں اب ماڈل کلاسیں بن رہی ہیں جہاں چھوٹے بچوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ بہتر تعلیمی نظام فراہم کیا جارہا ہے جبکہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیمی نظام میں اور بہتری لائی جائے لیکن یہ جب ہی ممکن ہوسکے گا کہ جب والدین ہم پر اعتماد کریں گے اور اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کرائیں گے۔