• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے


وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ایئرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی دورہ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور تاجر برادری سے بھی ملاقات متوقع ہے، انہیں کراچی پیکیج سمیت وفاقی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرض دیں گے، تاہم دورے میں ناراض متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق عمران خان شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی پیر پگاڑا سے بھی ان کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوگی۔جہاں وہ ان کی والدہ کی عیادت بھی کریں گے۔

وزیر اعظم کو دورۂ کراچی میں امن وامان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا تاہم وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے شیڈول میں ایم کیو ایم سے کوئی ملاقات طے نہیں ہے ۔

ایم کیو ایم نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے ملاقات کا کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم بہادر آباد آئیں۔

تازہ ترین