• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل وقت سے گھبراتے نہیں سیکھتے ہیں،وزیراعظم

مشکل وقت سے گھبراتے نہیں سیکھتے ہیں،وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم پر مشکل اور آزمائش کا وقت ہے ،اس سے گھبراتے نہیں بلکہ سیکھتے ہیں ،میں نےجتنےبھی خواب دیکھےسب پورےہوئےہیں۔

کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ اکثر اپنی کابینہ اور ٹیم کے ارکان کو بھی گھبرایا ہوا دیکھتا ہوں۔

دوران تقریر عمران خان نے انکشاف کیاکہ وفاقی کابینہ اور ٹیم کے دیگر ارکان کے چہرے اترے ہوئے ہوتےہیں، ان سے بھی یہی کہتا ہوں گھبرانا نہیں ہے ۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ وزراء سے سنا ہے کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی ہوگئی ہے ،وہ ہوگیا ہے ،میں آپ سے کہتا ہوں ایک ایک مافیا کو پکڑیں گے ،کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہناتھا کہ میرا خواب ہے کہ پاکستان کو وہ ملک بناؤں ،جو قائداعظم اور علامہ محمد اقبال کی خواہش تھی ،ملک اس وقت ترقی کرتا ہے جب پیسا نچلے طبقے پر خرچ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ قوم کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں ،کامیاب جوان جیسے پروگراموں سے ملک آگے بڑھتےہیں،اس کا مقصد نوجوانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کی کامیابی کا انحصار میرٹ پر ہے، نوجوانوں کی کامیابی سے قومیں کامیاب ہوتی ہیں،آگے اس لیے نہیں بڑھتے کہ اداروں میں میرٹ نہیں ہے، جس معاشرے میں میرٹ نہیں وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ماضی میں پاکستان کی بیوروکریسی پورے ایشیا میں سب سے اچھی تھی، کامیاب جوان پروگرام اسی وقت کامیاب ہوگا، جب سارے قرضے میرٹ پر دیئے جائیں گے۔

عمران خان نے یہ بھی کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے قرضے کیلئے تحریک انصاف کے ورکر کی سفارش نہیں قبول کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،ٹیلنٹ کےباوجود ہم دنیا سےمقابلہ نہیں کرپارہے، بیرون ملک ہر شعبے میں پاکستانی آگے ہیں، پاکستان میں ہم آگےنہیں بڑھ سکتے کیونکہ ہماراسسٹم میرٹ کوپروموٹ نہیں کرتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم سفارشی کلچرکی وجہ سےپیچھےرہ جاتےہیں، شوکت خانم اسپتال میرٹ پرچلتاہے،60 کی دہائی میں ہماری بیوروکریسی بین الاقوامی معیارکی تھی،جیسےجیسےہم میرٹ سےپیچھے گئےہماراملک پیچھے چلاگیا۔

ان کا کہنا تھاکہ کامیاب جوان پروگرام میں درخواست گزاروں میں کسی قسم کا امتیاز نہیں کریں گے، ہنرمندپاکستان پروگرام کےتحت لوگوں کو ہنر سکھائے اور قرضے دیے گئے۔

عمران خان نے مزید کہاکہ 50 ہزار اسکالرشپس دےرہے ہیں،کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتاجب تک ایک چھوٹاساطبقہ امیرہورہاہو، نچلےطبقےکواوپرلانےکی ہرممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ چین نے30سال میں 70کروڑ لوگوں کوغربت سےنکالا، بیرون ملک پاکستانی کئی شعبوں میں ممتازمقام رکھتےہیں۔

تازہ ترین