• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارو موٹر سائیکل چوری کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں‘ ایس پی صدر

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ایس پی صدر محمد عمر خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں تمام زونل ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایس پی صدر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے۔ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں کارو موٹر سائیکل چوری کے سدباب کیلئے مزید موثر اقدامات لائیں، ناکوں پر چیکنگ کو کارآمد بنائیں اور دوران چیکنگ مشکوک افراد اور مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائیں۔ بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایس پی نے ہدایت کی کہ مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیکر انکی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، منشیات فروشوں کیخلاف چلائی جانے والی مہم میں تیزی لائیں، تھانوں میں بند مال مقدمات اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو قانونی طریقہ کے مطابق انکے اصل مالکان کے حوالے کیا جائے، مختلف وارداتیں کرنے والے گینگز کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور انہیں گرفتار کرکے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کے ویژن کے مطابق پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور شہریوں کے ساتھ حسن سلوک اور دوستانہ رویئے سے پیش آیا جائے۔ ایس پی صدر عمر خان نے تمام افسران کے پچھلے دیئے گئے ٹارگٹس کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام افسران کی روزانہ کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا جائیگا، اور ناقص کارکردگی پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔
تازہ ترین