گھر کی آرائش و سجاوٹ میں تبدیلیاں لانے کے لیے سال کا آغاز بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ چونکہ گھر کی سجاوٹ خواتین کی اولین ترجیحات میں شامل ہوتی ہے، اس لیے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ایسا کرتے ہوئے ٹرینڈز پر بھی عمل کیا جائے۔ اگر آپ بھی گھر کی سجاوٹ سے متعلق شاپنگ کااراد ہ رکھتی ہیں تو آج کا مضمون آپ کے لیے شاپنگ لسٹ کی تیاری میں بے حد مددگار ثابت ہوگا۔
زیر نظر مضمون انٹیریئر ڈیزائنرز کی جانب سے مختص کردہ ٹرینڈز کی معلومات لیے ہوئے ہے، جو رواں برس گھرکی آرائش و سجاوٹ کا حصہ بن کراس کی خوبصورتی اور چکا چوند میں اضافہ کرتے نظر آئیں گے۔
ونٹیج لک
برٹش انٹیریئر ڈیزائننگ کمپنی کی سی ای او برائیا ہیمل کا کہنا ہے کہ نئے برس گھرکی سجاوٹ کے لیے جو چیز خاص طورپر اہم ہے، وہ سجاوٹ کا روایتی انداز (ونٹیج لک) ہے۔ یہ ایک ایسا انداز جو برس ہا برس گزرنے کے باوجود بھی اپنی اہمیت برقرا ر رکھے ہوئے ہے۔
ونٹیج لک کے لیے پرانے زمانے میں فرنیچر پر رکھی ہوئی آرائشی اشیا، روایتی انداز والی ہینگنگ لائٹس اور لکڑی کا فرنیچر وغیرہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، ونٹیج لک دینے کے لیے لازمی نہیں کہ گھر کے تمام حصوں کی سجاوٹ میں روایتی انداز اپنا یا جائے۔ اس کے برعکس کسی خاص حصے کو منتخب کرتے ہوئے ایک یا دو روایتی آرائشی اشیا (ونٹیج ڈیکوریشن پیسز) رکھے جاسکتے ہیں۔
فلورل وال پیپر
اگر آپ کو یاد ہو تو گزشتہ برس برٹش ڈیزائنر اور بلاگر ایرن گیٹس کی جانب سے دیواروں کے لیے فلورل فیبرک اور فلورل وال پیپرکا انتخاب کیا گیا تھا۔ اس پرنٹ کی سج دھج اورمقبولیت کے باعث انٹیریئر ڈیزائنر اور اسٹوڈیو ٹین25کمپنی کے بانی ایب فینی مور، رواں برس کے لیے بھی فلورل وال پیپر کے ہی انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلورل وال پیپرز گزشتہ کئی برسوں سے سجاوٹی ٹرینڈ کا حصہ ہیں لیکن اس برس جدت کے ساتھ ڈیزائن کیے گئے وال پیپر گھر کی دیواروں کو مزید خوبصورت اورماڈرن لک فراہم کریں گے۔
رنگین کیبنٹری سسٹم
وہ تمام خواتین جو اپنے اینٹیک وہائٹ (سفید) کچن کی صفائی ستھرائی میں دن کا بہت زیادہ وقت خرچ کردیتی ہیں، انھیں بتاتے چلیں کہ مکمل طور پر وہائٹ کچن 2020ء کے سجاوٹی ٹرینڈزمیں شامل نہیں ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنر بریسلن کا کہنا ہے کہ کاؤنٹر سے کیبنٹری سسٹم تک اینٹیک وہائٹ کچن رواں برس کے ڈیکوریشن ٹرینڈ میں شامل نہیں ہے۔
اس کے برعکس رنگین کیبنٹری سسٹم، ڈائنامک اسٹون کاؤنٹر ٹاپ اور مختلف پیٹرن کا فرش نئے برس کے سجاوٹی ٹرینڈز میں شامل رہیں گے۔ اگر آپ رواں سال کم بجٹ کے ساتھ سجاوٹی ٹرینڈز پر عمل کرنا چاہتے ہیں تواپنے اینٹیک وہائٹ کچن کو مکمل تبدیل کرنے کے بجائے رنگین کیبنٹری سسٹم یا رنگین کاؤنٹر ٹاپ کے متعلق سوچیں ۔
نیون لائٹنگ
آپ نے اب تک نیون لائٹنگ، کالج ہاسٹل (رہنےکا کمرہ )، جِم یا اسپتالوں میں دیکھی ہوں گی لیکن انٹیریئر ڈیزائنر مارشل کے مطابق یہ منفرد روشنی اس برس آپ کے گھر کو روشن کرنے کا ایک جزو ہوگی۔ مارشل کا کہنا ہے کہ نیون لائٹنگ رواں برس کے مقبول ٹرینڈز میں سے ایک ہے۔ اس منفرد لائٹنگ ٹرینڈ کی تنصیب بیڈروم یا بچوں کے کمرے کی مرکزی دیوار، انٹرٹینمنٹ وال یا پھر کمرے کی چھت کے چاروں اطراف کروائی جاسکتی ہے۔
کینو پی بیڈ
انٹیریئر ڈیزائنر فینی مور کا کہنا ہے کہ بیڈ روم کی شان وشوکت میں اضافے کے لئے رواں برس کینوپی بیڈ (بیڈ کے اوپر چھتری) ٹرینڈ کا حصہ رہے گا۔ یہ اسٹائل پنسل پوسٹر یا پوسٹر اسٹائل سے خاصا ملتا جلتا ہے، اس میں بیڈ کے چاروں اطراف خوبصورت ستون منفرد انداز میں لگائے جاتے ہیں اور بیڈ کی چھت کو آرائشی سامان سے خوبصورت انداز میں ڈھانپا جاتا ہے۔
رواں سال کسی قسم کے ہیوی فیبرک یا چنکی ہیڈبورڈ کی ضرورت نہیں، اس کے برعکس گھروں میںکینوپی اسٹائل بیڈ کا استعمال پرانے دور کی یاد تازہ کردے گا۔ پہلے پہل یہ اسٹائل سابقہ ادوار میں شاہی خاندانوںکے عالیشان بیڈرومز میں دیکھنے میں آیا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ ہر دور میں مقبول ہوتاگیا۔
اینٹیک آرٹ
رواں سال آپ کوشش کرکے اپنے گھر میں آرٹ کلیکشن کا اضافہ کریں۔ انٹیریئر ڈیزائنر ہیمل کے مطابق رواں برس اینٹیک آرائش و سجاوٹ کی واپسی کی ایک صورت آرٹ ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اینٹیک آرٹ ہر شخص کی ترجیحات میں شامل نہ ہولیکن اینٹیک آرٹ کا انتخاب ہر دور میں گھر کی سجاوٹ کے لیے منفرد انتخاب ثابت ہوتا ہے۔
زیتون کا درخت
گھر میں انڈور پلانٹس کا اضافہ تزئین و آرائش کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ آرائش و سجاوٹ کا یہ منفرد انداز نہ صرف گھر کی فضاء کو فرحت بخش بناتا ہے بلکہ طبیعت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔ خوبصورت اور دلکش انڈور پلانٹس سے آراستہ گھر بلاشبہ تازگی کا احساس اُجاگر کرتے ہیں۔ اگر انڈور پلانٹس کے لیے ٹرینڈز کا ذکر کریں تو ڈیزائنر ہیمل کے مطابق رواں برس زیتون کا پودا گھر کی آرائش و سجاوٹ میں چھایا رہے گا۔