• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکمل ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والے کرکٹرز کو ریکارڈ آمدنی ہوئی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن کے فائنل سمیت تمام میچ کھیلنے والے ڈویژن ون کے ایلیٹ کھلاڑی کو چار ماہ میں تقریباً سوا گیارہ لاکھ روپے کی ریکارڈ آمدنی ہوئی ہے جس کھلاڑی نے قومی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ اور قائد اعظم ٹرافی کے دس میچوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑی کو ساڑھے سات سے نو لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اتنی بڑی اور پر کشش رقم اس سے پہلے کبھی نہیں ملی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے ملنے والے معاوضے کے علاوہ پی سی بی نےپاکستان ٹیم کے18کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جبکہ کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز سے بھی بھاری معاوضہ ملا ہے۔کوالٹی کرکٹ کے نام پر چھ ایسوسی ایشن کی ٹیموں نے قومی ٹی 20اور قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کی۔قائد اعظم ٹرافی جیتنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو ایک کروڑ روپے اور قومی ٹی 20 کی فاتح ناردرن ٹیم کو پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ سینٹرل پنجاب کی جانب سے کامران اکمل نے دونوں فارمیٹ میں تمام میچ کھیلے لیکن انہوں نے ڈومیسٹک کنٹریکٹ سائن نہیں کیا۔ کامران اکمل کے علاوہ جس کھلاڑی نے تمام میچ کھیلے اسے چار ماہ میں سوا گیارہ لاکھ روپے ملے۔ ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ میں ایلیٹ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں سے شیئر ملا اور انہیں پچاس ہزار روپے ماہانہ دیئے گئے۔میچ فیس 75ہزار روپے مقرر کی گئی جبکہ ڈھائی ہزار روپے ڈیلی الائونس ہے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو بارہ ماہ کے لئے ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ دیا ہے۔
تازہ ترین