برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے نئے سپریم ليڈر مجتبیٰ خامنہ ای اٹھائیس فروری کو اسرائیلی حملے میں موت سے بال بال بچے ہيں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای حملے کے وقت اپنے والد آیت اللّٰہ خامنہ ای کے ساتھ اسی عمارت میں موجود تھے جہاں ایرانی قیادت کی اہم میٹنگ جاری تھی۔
برطانوی اخبار نے آیت اللّٰہ خامنہ ای کے ہیڈ پروٹوکول کی ایک آڈيو ٹیپ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اس آڈیو کی تصدیق بھی کروالی ہے۔
اس آڈیو میں مظہر حسینی کہہ رہے ہيں کہ مجتبیٰ خامنہ ای حملے سے چند لمحے پہلے ہی کمرے سے اٹھ کر باہر باغیچے میں گئے تھے جس کی وجہ سے وہ اس حملے کی شدت سے محفوظ رہے اور صرف ان کی ٹانگ پر زخم آئے ہیں۔
آڈیو میں مظہر حسینی کہہ رہے ہيں کہ اللّٰہ کی مرضی یہی تھی کہ مجتبیٰ خامنہ ای باہر جائيں، وہ باہر تھے اور سیڑھیاں چڑھ رہے تھے جب عمارت کو میزائل نے ہٹ کیا۔
واضح رہے کہ اٹھائیس فروری کے اس حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای شہید ہوگئے تھے ۔