کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام’’ آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایم ایل ون شروع نہیں ہوا تو ریلوے کوسنبھالنا مشکل ہوجائیگا،صنعتکار عارف حبیب نے کہا کہ اگر حکومت معیشت پر مکمل توجہ دے تو ملک آگے جا سکتا ہے،ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ حکومت نے شرح سود میں اضافہ نہ کرکے اچھا کیا ،نمائندہ جیو نیوز خالد حمید فاروقی نے بتایا ہندوستان کے متنازع شہری بل پر یورپی پارلیمنٹ میں قرارداد کا پیش ہونا ایک بہت اہم پیش رفت ہے اس کے پیچھے مہینوں کی کوشش ہے۔وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ ہمیں ہدایت دے تو اس میں کوئی بری بات نہیں ،عدالت چاہتی ہے کہ ریلوے بہتر ہومیں نے چیف جسٹس کو کہا تھا کہ اگر میری وجہ سے مسئلہ ہے تو استعفٰی دینے کیلئے تیار ہوں ۔جب تک ایم ایل ون نہیں بنے گا ریلوے ٹھیک نہیں ہوسکتی ۔اسی لئے انہوں نے پلاننگ کمیشن کے متعلقہ افراد کو بھی طلب کیا ہے ۔اسد عمر سے بڑی توقعات ہیں باہر سے بھی دباوٴ ہے لیکن امید ہے اسد عمر اسے درست انداز میں آگے بڑھائیں گے ۔اگر ایم ایل ون شروع نہیں ہوا تو ریلوے کو سنبھالنا مشکل ہوجائیگا ۔چین چاہتا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ مکمل ہو ۔بیوروکریٹس نیب سے اتنے خوفزدہ ہیں کہ کسی کام کو ہاتھ نہیں لگاتے ۔عمران خان نے 17ماہ میں اتنے حادثات دیکھے ہیں انہیں معلوم ہے ہمیں عدلیہ کو ساتھ لیکر چلنا ہے ۔ادارے پاکستان کی بہتری چاہتے ہیں ۔پاکستان میں میڈیاکا اتنا زور ہے کہ دو دن سے صرف ریلوے کی بات ہورہی ہے۔1861میں ریلوے ٹریک بنایا گیایہ مزید کتنی ٹرینیں برداشت کرپائیگا ۔اداروں کو عمران خان کی نیب کا علم ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہمیں ہر صورت مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں مافیا سے نمٹنے کا فیصلہ کرچکا ہوں۔اگر اب بھی فیصلہ نہ کیا تو ہم کب کریں گے ۔عوام میں مہنگائی کا تاثر گیا ہے ،بلوں میں اضافہ ہوا تو اچھا پیغام نہیں گیا ۔جہاں عوام کی بات آتی ہے عمران خان دوستی کو ایک طرف رکھ دیتے ہیں اگر انہوں نے دیکھا کہ دوستی بدنامی کا باعث بن رہی ہے تو وہ فیصلوں میں تاخیر نہیں کریں گے ۔عمران خان سے فائدہ اٹھا نا آسان کام نہیں ۔جیو نیوز کو دیکھا جاتا ہے نرم الفاظ کے ساتھ بھی حکومت پربھرپور تنقید کی جاسکتی ہے ۔حکومت کو میڈیا کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانا چاہئے ۔میڈیا ٹرینڈ بناتا ہے اور پھر لوگ اسی کو فالو کرتے ہیں۔اگر میڈیا کے ساتھ حکومت کے معاملات بہتر ہوں گے تو سب کا فائدہ ہوگا ۔عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے عمران خان مکمل طور پر ان کے ساتھ ہیں ۔ صنعتکار عارف حبیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک شرح سود میں کمی نہیں ہوتی معیشت سست روی کا شکار رہے گی ۔بدقسمتی سے رواں ماہ افراط زرمیں بھی اضافہ ہوگیا ۔اور قیمتی اشیاکے نرخوں کے ساتھ ساتھ روز مرہ کی اشیاکی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔اگر حکومت معیشت پر مکمل توجہ دے تو ملک آگے جا سکتا ہے ۔ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ حکومت نے شرح سود میں اضافہ نہ کرکے اچھا کیا ۔پچھلے کچھ ماہ میں جو مہنگائی ہوئی ہے وہ توقعات کے برعکس ہے ۔اسٹیٹ بینک نے قبول کیا ہے کہ جی ڈی پی 3.5فیصد سے بڑھنا چاہئے تھی لیکن زراعت کا حال دیکھ کر اسٹیٹ بینک کو دوبارہ نظر ثانی کرنا پڑے گی ۔