لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آپریشن کے نتائج سے ثابت ہو گیا پنجاب میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے پارٹی آئین کے حوالے سے قائم کی جانیوالی نظر ثانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال پارک دہشتگردی کے سانحہ کے بعد فوج کی طرف سے ہونے والے مبینہ آپریشن کے 48گھنٹوں کے اندر خطرناک دہشتگردوں کا پکڑا جانا اور مارا جانا لمحہ فکریہ ہے۔ ،اس حوالے سے حکمرانوں سے باز پرس ہونی چاہیے کہ یہ مجرم صوبائی دارلحکومت لاہور اور ملک کے اہم شہروں میں کن سہولت کاروں کی سرپرستی میں دندناتے پھر رہے تھے اور پولیس اور صوبائی حکومت کی ماتحت خفیہ ایجنسیاں اس سے لاعلم کیوں تھیں ؟۔ فکری انتہا پسندی مشین گنوں کی گولیوں اور ٹینک کے گولوں سے ختم نہیں ہو گی اس کیلئے انتہا پسندی کو فروغ دینے والی نرسریوں کا خاتمہ ضروری ہے۔سربراہ عوامی تحریک نے لکی مروت بم دھماکہ میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مبینہ اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کے ساتھ دہشتگردی ہے۔