• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھانوں کا مزہ دوبالا کرتی .... مزیدار سوسز

ہمارے ہاں لوگ کھانے پینے کے بہت شوقین ہیں۔روایتی کھانے تو شوق سے کھائے جاتے ہی ہیں ساتھ ساتھ دوسرے ممالک کے کھانے بھی خوب پسند کیے جاتے ہیں۔برگر،پزا، سینڈوچز، فرائیز، شوارما،پرانز،سٹیک،لزانیہ اور بہت سے ان گنت کھانے توجہ کامرکز ہیں۔اب ان کھانوں کے ساتھ سوسز بھی سرو کی جاتی ہیں۔

کئی طرح کی مزیدار سوسز بنائی جاتی ہیں۔اپنی اپنی پسند کے مطابق سوسز کا انتخاب کیا جاتا ہے۔زیادہ تر سوسز چٹ پٹی اور خوب ذائقہ دار ہوتی ہیں۔نہ صرف یہ بھوک کو دوبالا کرتی ہیں بلکہ کھانوں کا مزہ بھی بڑھا دیتی ہیں۔چند مزیدار سوسز کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

سیچوان سوس

اجزاء۔

خشک لال مرچ ۔10-12عدد

لہسن کی جویں۔ 4-5عدد

ادرک کا ٹکڑا۔ 1عدد

ٹماٹو کیچپ۔ 2کھانے کے چمچ

سویا سو س۔ 2چائے کے چمچ

سرکہ۔ 2کھانے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

کھانے کا تیل۔ 3-4کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک باؤل میں خشک لال مرچیں ڈال کر دس سے پندرہ منٹ کے لئے بھگو کر رکھ دیں۔ اب ایک بلینڈر میں بھگوئی ہوئی مرچیں، ادرک، لہسن، کیچپ، سویا سوس، سرکہ، نمک اور کھانے کا تیل ڈال کر تمام اجزاء اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ سیچوان سوس سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

کوکٹیل سوس

اجزاء۔

یوگرٹ۔ ایک کپ

مایونیز ۔دو کھانے کے چمچ

نمک ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)

چلی گارلک سوس۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک پیالے میں یوگرٹ، مایونیز، نمک، لیموں کا رس، کُٹی لال مرچ اور چلی گارلک سوس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔مزیدار کوکٹیل سوس تیار ہے۔

تاہینی سوس

اجزاء۔

سفید تل۔ 1 کپ

لہسن۔ 5-6 جوئے

زیتون کا تیل۔ ½ کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

تل اور لہسن لے کر تھوڑے سے پانی میں پکا لیں اتنا کہ پانی خشک ہو جائے۔بلینڈر کے جگ میں لہسن، تل اور زیتون کا تیل ڈال دیں پھر نمک شامل کر کے بلینڈ کر لیں۔اتنا بلینڈ کریں کہ سموتھ پیسٹ بن جائے، تاہینی سوس تیار ہے۔

پائن ایپل سویٹ اینڈ سار سوس

اجزاء۔

پائن ایپل۔ ایک کپ

سرکہ ۔آدھا کپ

کیچپ۔ تین چوتھائی کپ

چلی سوس۔ دو کھانے کے چمچ

لہسن۔ دو سے تین جوئے

بران شوگر۔ چار کھانے کے چمچ

لال مرچ ۔ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

نمک حسب ذائقہ

ترکیب۔

بلینڈر میں پائن ایپل، سرکہ، کیچپ، چلی سوس، لہسن، بران شوگر، کٹی لال مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔پھر پین میں گاڑھا ہونے تک پکائیں اور سرو کریں۔

ہاٹ سوس

اجزاء۔

مرچ ۔چھ عدد (خشک بڑی، نیم گرم پانی میں بھیگو لیں)

سرکہ ۔دو کھانے کے چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

لال مرچ ۔دس عدد (ثابت اور بُھنی ہوئی)

زیرہ ۔ایک کھانے کا چمچ (بھنا ہوا)

نمک۔ حسب ذائقہ

پیاز ۔ایک عدد

ٹاٹری۔ چٹکی بھر

لہسن کے جوئے ۔دو عدد

ترکیب۔

بلینڈر میں خشک بڑی مرچ، سرکہ، لیموں کا رس، لال مرچ، زیرہ، نمک، پیاز اور ٹاٹری ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔پھر ڈش آؤٹ کرکے سرو کریں۔

مشروم سوس

اجزاء۔

زیتون کا تیل۔ 1کھانے کا چمچ

مکھن۔ 1کھانے کا چمچ

چکن سٹاک ۔ایک عدد

پانی۔ 2کپ

پیاز۔ 1کپ

لہسن۔ 1کھانے کا چمچ

مشرومز ۔آدھا کپ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

سفید مرچ۔ 1چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

کریم ۔آدھاکپ

تھائم ۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک پین میں زیتون کا تیل گر م کر کے اس میں مشروم ڈال کر گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں اور سائیڈ پر رکھ دیں۔پھر ایک دوسرے باؤل میں مکھن، پیاز اور لہسن ڈال کر دو سے تین منٹ پکائیں۔اب اس میں پانی اور چکن سٹاک کیوب ڈالیں۔پھر نمک، کالی مرچ اور تھائم چھڑکیں۔اب کریم اور فرائی کئے ہوئے مشرومز ڈال کر چار سے پانچ منٹ دم پر رکھ دیں۔مشروم سوس سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

ڈائنامائٹ سوس

اجزاء۔

مایونیز۔ 3چوتھائی کپ

لیموں کا رس۔ 2چائے کے چمچ

سیراچا سوس۔ 5کھانے کے چمچ

شہد۔ 1چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک باؤل میں سیراچا سوس، لیموں کا رس، شہد اور مایو نیز ڈال کر تمام اجزاء اچھی طرح مکس کر لیں اور سائیڈ پر رکھ دیں، سوس تیار ہے۔

ہنی مسٹرڈ سوس

اجزاء۔

شہد۔ 1چوتھائی کپ

مایو نیز۔ 1چوتھائی کپ

ڈیجون مسٹرڈ۔ 1کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ 2کھانے کے چمچ

لال مرچ۔ 1چوتھائی چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک باؤل میں شہد، مایونیز، ڈیجن مسٹرڈ، لیموں کا رس اور لال مرچ ڈال کر تمام اجزاء اچھی طرح مکس کر لیں، سوس تیار ہے۔

ڈیجون مسٹرڈ سوس

اجزاء۔

مسٹرڈ پاؤڈر۔ چار کھانے کے چمچ

پانی۔ ایک چوتھائی کپ

کشمش کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

سفید سرکہ۔ تین کھانے کے چمچ

نمک ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہلدی ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لہسن پاؤڈر۔ ایک چٹکی

تیل ۔ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ (پسی ہوئی)۔ ایک چٹکی

ترکیب۔

پین میں مسٹرڈ پاؤڈر، پانی، کشمش پیسٹ، نمک، ہلدی، لہسن پاؤڈر، تیل اور پسی کالی مرچ کو ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔پین میں ببل بننے لگیں گے۔پندرہ سے بیس منٹ تک اسے پکاتے رہیں۔اب سفید سرکہ شامل کرکے مکس کریں۔پھر ہلکی آنچ پر اس مکسچر کو اُبال آنے تک پکا کر گاڑھا کرلیں۔پھر چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کرلیں۔ ڈیجون مسٹرڈ پیسٹ تیار ہے۔

پیری پیری سوس

اجزاء۔

کشمیری لال مرچ۔ 6عدد

گول لال مرچ۔ 12عدد

کٹی لال مرچ۔ 2کھانے کے چمچ

لہسن۔ 1چائے کا چمچ

اچار کی رائی۔ 1کھانے کا چمچ

کٹا ہوا دھنیا۔ 1کھانے کا چمچ

تیل۔ 1/2کپ

سرکہ۔ 1/2کپ

چھوٹی پیاز۔ایک عدد

لیموں کا رس۔ 2کھانے کے چمچ

لیمن سالٹ۔ 2/1چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک کپ پانی میں 6عددکشمیری لال مرچ اور 12عدد گول لال مرچ بھگو کر کر رات بھر کے لئے رکھ دیں۔ اب بلینڈر میں بھیگی ہوئی مرچیں،2کھانے کے چمچ کٹی لال مرچ،ایک چائے کا چمچ لہسن، ایک کھانے کا چمچ اچار کی رائی،ایک کھانے کا چمچ کٹا ہوا دھنیا،2/1 کپ تیل،2/1 کپ سرکہ،ایک عدد چھوٹی پیاز،2کھانے کے چمچ لیموں کا رس اور 2/1چائے کا چمچ لیمن سالٹ ڈال کر 5منٹ بلینڈ کرلیں۔پیری پیری سوس سرو کرنے کے لئے تیار ہے۔ اسے ائیر ٹائیٹ کنٹینر میں ڈال کر فریج میں بھی رکھا جا سکتا ہے۔

بولونیزمیٹ سوس

اجزاء۔

پیاز ۔ایک عدد ﴿درمیانی کٹی ہوئی

گاجر۔ ایک عدد ﴿چھوٹے سلائس

تیز پتا ۔ایک عدد

ٹماٹر۔ چار عدد ﴿اُبلے اور کٹے ہوئے

لال انگور کا جوس۔ ایک کپ

دودھ۔ ایک کپ

سیلری۔ ایک اسٹک ﴿سلائس کی ہوئی

لہسن۔ تین جوئے ﴿کٹا ہوا

گائے کا قیمہ ۔تین سو گرام

اسپیگٹی ۔آدھا پیکٹ ﴿اُبلی ہوئی

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی

تھائم ۔آدھا چائے کا چمچ

مکھن ۔دو کھانے کے چمچ

پارسلے۔ دو کھانے کے چمچ ﴿کٹے ہوئے

تیل ۔دو سے تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

پہلے اسپیگٹی کو اُبال کر ایک طرف رکھ دیں۔اب کڑاہی میں مکھن اور تیل گرم کرکے کٹی درمیانی پیاز شامل کرکے اتنا پکائیں کہ پیاز نرم ہوجائے۔پھر اس میں سلائس کی ہوئی گاجر، سیلری، کٹا لہسن شامل کرکے دو سے تین منٹ تک مزید پکائیں۔ساتھ ہی اس میں گائے کا قیمہ شامل کردیں اور اچھی طرح سے مکس کرکے بھونیں۔پھر اس میں نمک، پسی کالی مرچ اور انگور کا جوس شامل کرکے دو سے تین منٹ تک مزید بھونیں۔

اب اس میں دودھ، اُبلے ہوئے کٹے ٹماٹر، کٹے پارسلے، تھائم اور تیز پتا شامل کرکے ڈھک دیں اور پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔دس سے بارہ منٹ بعد ڈھکن ہٹا کر آنچ تیز کرکے بھنائی کریں۔آخر میں پلیٹر پر اُبلی اسپیگٹی رکھیں اور اوپر سے قیمہ رکھ کر سرو کریں۔

تھاؤزنڈآئی لینڈ سوس

اجزاء۔

شملہ مرچ۔ ایک عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

مایونیز ۔چار کھانے کے چمچ

فریش کریم ۔دو کھانے کے چمچ

ٹومیٹو پیوری ۔ایک کھانے کا چمچ

ٹوبا سکو سوس۔ چند قطرے

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کالی مرچ۔ تھوڑی سی ﴿کُٹی ہوئی

پیاز ۔ایک عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

ترکیب۔

ایک پیالے میں مایونیز، فریش کریم، ٹومیٹو پیوری، ٹوباسکو سوس، نمک اور کالی مرچ ڈال کر اچھی طرح ملالیں۔اب اس میں شملہ مرچ اور پیاز شامل کر دیں۔مزے دار تھاؤزنڈ آئی لینڈ سوس تیار ہے۔

ٹارٹر سوس

اجزاء۔

دہی۔ 2/1پیالی

مایونیز۔ 2/1 پیالی

کٹی ہوئی کالی مرچ۔ 1 کھانے کا چمچ

مسڑڈ پیسٹ۔ 1 کھانے کا چمچ

پارسلے۔ حسبِ ضرورت

نمک ۔حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

2/1 پیالی دہی، مایونیز، مسڑرڈ پیسٹ، کٹی ہوئی کالی مرچ اور حسبِ ذائقہ نمک کو اچھی طرح مکس کریں۔اور حسبِ ضرورت پارسلے چھڑک دیں۔ ٹارٹر سوس تیار ہے۔

تازہ ترین