وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے برطانوی صحافی پر مقدمہ کرنے سے خوش ہوگئے ہیں۔
شہزاد اکبر نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کے خلاف لندن کی عدالت میں مقدمہ لے جانے کے فیصلے نے ہمیں سنہری موقع دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاملہ اب صحافی ڈیوڈ روز کی خبر سے آگے جائے گا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ ڈیوڈ روز کے پاس 20 فیصد ثبوت ہیں باقی 80 فیصد ثبوت اُن کے پاس موجود ہیں اور اگر صحافی ڈیوڈ روز نے اُن سے ثبوت مانگے تو وہ انھیں ثبوت دے دیں گے۔
بل ازیں شہباز شریف نے برطانوی صحافی ڈیوڈ ویزے پر غلط الزامات عائد کرنے کے خلاف لندن کی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کردیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا۔
اس حوالے سے شہباز شریف کے وکیل الاسڈئیر پیپر کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کی کوئنز بینچ ڈویژن نے اخبار اور صحافی کو نوٹس جاری کردیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اخبار کی طرف سے ’معقول‘ جواب نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانوی عدالت میں حقائق کے ذریعے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کریں گے اور امید ہے کہ یہاں سے انصاف ملے گا۔