لاہور(نمائندہ جنگ/اے پی پی/آن لائن/ آئی این پی/این این آئی/صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل حل نہیں کررہی۔
ایم کیو ایم وزارتیں چھوڑے اور کراچی کے مسائل پر توجہ دے، ،ایم کیوایم کو سوچنا چاہئے کہ کیوں وہ ایسی جماعت کا ساتھ دے رہے ہیں کہ جس نے کراچی کے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
وفاقی حکومت نے کراچی کے حوالے سے ایم کیو ایم کے مطالبات پر عمل نہیں کیا، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے نظریات میں کافی فرق ہے، جہاں تک کراچی کے عوام کے مسائل کا تعلق ہے تو سب کو مل کر ان کو حل کرنا چاہئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم چین میں محصور پاکستانیوں کے حوالے سے کافی پریشان ہیں، حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چین میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق اقدامات کئے جارہے ہیں۔
بھارت اور بنگلہ دیش اپنے شہریوں کو واپس لارہے ہیں مگر نجانے پاکستان کو کیا مشکلات ہیں، چین میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے کوئی حکومتی ایکشن نظر نہیں آرہا۔